National

جامعہ ہمدرد میں نعتیہ مقابلہ، اسلامی کوئز اور جلسہ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد

82views

نئی دہلی، 27 ستمبر 2024:(پریس رلیز)جامعہ ہمدرد میں ہر سال کی طرح امسال بھی 26 ستمبر 2024ء بروز جمعرات کو کنوینشن سینٹر میں جلسہ سیرت النبی منعقد کیا گیا۔ عصری جامعات کے طلبہ کے اندرمطالعہ سیرت کا شوق پیدا کرنے، حضور ﷺ سے محبت اور ان کی سیرت کو عملی جامہ پہنانے کے لئے نعتیہ مقابلہ اور اسلامی کوئز بھی کرایا جاتا ہے۔ امسال بھی طلبہ اور طالبات کا نعتیہ مقالبہ اور اسلامی کوئز کرایا گیا جس میں مختلف جامعات ، جامعہ ملیہ اسلامیہ ، دہلی ، جے این یو ، دہلی اور جامعہ ہمدرد دہلی کے طلبہ اور طالبات نے شرکت کی۔ ساتھ ہی حوصلہ افزائی کے لئے کچھ رقم بھی بطور انعام رکھا گیا تھا۔ شیخ الجامعہ پروفیسر (ڈاکٹر) محمد افشار عالم کی صدارت میں منعقد جلسہ سیرت النبی ﷺ میں ہندوستان کے مختلف صوبون سے تعلق رکھنے والے مہمان خصوصی کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس کا آغاز شعبہ علوم اسلامی جامعہ ہمدرد کے طالب علم حذیفہ علی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اور ڈاکٹر محمد احمد نعیمی صاحب نے نعت خوانی کی۔ اس کے بعد مہمان خصوصی میں سے مفتی عاصم قاسمی نے خطاب کیا اور کہا کہ نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے سچی محبت یہ ہے کہ آپ کے اہل بیت سے بھی محبت کی جائے ۔ رابعہ مسجد جامعہ ہمدرد کے امام اے ایم فاروقی صاحب نے کہا کہ ہمیں کسی کو حقیر و کمتر نہیں سمجھنا چاہیے ۔ سیرت رسول کی یہ بھی اہم تعلیم ہے۔دوسرے مہمان خصوصی پروفیسر علی خان ، اشوکا یونیورسٹی راجہ محمود آباد نے خطاب کیا اور سیرت سے متعلق اخلاقی اور کلیدی نکات کو اجاگر کیا۔ تیسرے مہمان خصوصی مولانا قمراحمد اشرفی نے اپنے خطاب میں محبت رسول اور اطاعت رسول دونوں پر زور دیا اور کہا کہ مسلمان کے لئے محبت رسول اور اطاعت رسول دونوں ضروری و لازمی ہیں ۔جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) محمد افشار عالم صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سیرتِ رسول کا تقاضا یہ ہے کہ ہمارے اندر رحم و کرم اور معافی کا جزبہ موجود ہو ۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد احمد نعیمی کی کتاب مختصر سیرت رحمۃ للعالمین ، اُردو ،ہندی اور انگلش ایڈیشن کا رسم اجراء ہوا۔جلسہ سیرت النبی کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر سید محمد فضل الرحمن نے انجام دیے اور خیر مقدمی کلمات و افتتاحی خطاب ڈاکٹر انور حسین نے پیش کیے. آ خر میں سلام و دعا پر جلسہ سیرت النبی کا اختتام ہوا ۔ سالانہ جلسہ سیرت النبی میں اکثر فیکلٹی کے ڈین اور شعبوں کے صدر صاحبان، اساتذہ و طلبہ اور طالبات اور مقامی علمائے کرام و عوام نے انتہائی محبت وعقیدت کے ساتھ جلسہ سیرت النبی میں شرکت کی اور خطبا و علماء کے خطاب و تقاریر سے خوب خوب استفادہ کیا اور آ خر میں شیرینی تقسیم کی گئی ۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.