National

’مسلمان 20 سے 26 جنوری تک گھر میں ہی رہیں‘، ایودھیا میں رام مندر افتتاح سے قبل بدرالدین اجمل کا مشورہ

209views

آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ بدرالدین اجمل نے ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب سے قبل مسلمانوں کو ایک اہم مشورہ دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ مسلم 20 سے 26 جنوری کے درمیان گھر پر ہی رہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ بی جے پی مسلم مخالف ہے، وہ ہمارے مذہب کی دشمن ہے۔

دراصل شہید کی گئی بابری مسجد کی جگہ عظیم الشان رام مندر کا ایک حصہ بن کر پوری طرح تیار ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ 22 جنوری کو رام مندر میں ’پران پرتشٹھا‘ کرنے والے ہیں۔ یعنی شری رام کی مورتی اس دن مندر کے ’گربھ گرہ‘ میں رکھی جائے گی۔ رام مندر کی اس افتتاحی تقریب کو لے کر پورے ملک میں ہندو طبقہ پُرجوش ہے اور بڑی تعداد میں لوگ ایودھیا پہنچ رہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ اس موقع پر ملک کا ماحول خراب کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے۔ اسی کے پیش نظر بدرالدین اجمل نے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مسلمان 20 سے 26 جنوری کے درمیان گھر پر ہی رہیں اور رام للا کی پران پرتشٹھا کے دوران ٹرین کا سفر کرنے سے پرہیز کریں۔‘‘

بدرالدین اجمل کے اس بیان پر بی جے پی کے شعلہ بیان لیڈر گری راج سنگھ کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی مسلمانوں سے نفرت نہیں کرتی۔ ہم ’سب کا ساتھ، سب کا وِکاس، سب کا وِشواس‘ کے منتر کو سامنے رکھ کر کام کرتے ہیں۔‘‘ گری راج نے مزید کہا کہ ایودھیا اراضی تنازعہ کیس میں فریق رہے اقبال انصاری کو رام مندر کی پران پرتشٹھا تقریب میں مدعو کیا گیا ہے اور وہ پرارتھنا (دعا) میں بھی حصہ لیں گے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.