نئی دہلی،:۔ (ایجنسی) سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری انتقال کر گئے ہیں۔ یچوری کئی دنوں سے بیمار چل رہے تھے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے پارٹی اور اسپتال کے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، جنہیں ایمس دہلی میں داخل کرایا گیا تھا، طویل علالت کے بعد جمعرات کی دوپہر کو انتقال کر گئے۔ یچوری کو نمونیا، اور سینے میں انفیکشن کے علاج کے لیے 19 اگست کو ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ 72 سالہ رہنما کا آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIIMS) کے انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) میں سانس کی نالی کے شدید انفیکشن کا علاج کیا جا رہا تھا۔ تاہم آج وہ جانبر نہ ہوسکے۔ اور ان کی موت واقع ہو گئی۔
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کا ظہار غم
جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے غم کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ کو طاقت فراہم کرنے کی خواہش کی ہے۔ انہوں نے ایکس (ٹیوٹر) پر لکھا کہ ’’کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے جنرل سکریٹری اور سینئر لیڈر سیتارام یچوری جی کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا، ان کا جانا ہندوستانی سیاست کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ وہ ایک ہنرمند سیاست دان، مفکر اور عوامی مفادات سے سرشار رہنما تھے۔ میں مرنگ برو سے دعا کرتا ہوں کہ وہ مرحوم کی روح کو سکون دے اور ان کے خاندان کو یہ نقصان برداشت کرنے کی طاقت دے‘‘۔
راہل گاندھی کا اظہار افسوس
سیتارام یچوری کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا کہ سیتارام یچوری جی میرے دوست تھے۔ وہ بھارت کی عوام کے خیالات کے محافظ تھے اور ہمارے ملک کی گہری سمجھ رکھتے تھے۔ میں ہماری طویل گفتگو کو یاد کروں گا۔ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ، دوستوں اور پیروکاروں سے میری دلی تعزیت ہے۔
محبوبہ مفتی نے افسوس کا اظہار کیا
پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سیتارام یچوری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل سائٹ X پر لکھا۔ “چونکنے والا۔ ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کے ساتھ گہری تعزیت۔”
چنئی میں پیدا ہوئے تھے سیتا رام یچوری
سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری 12 اگست 1952 کو چنئی میں پیدا ہوئے، یچوری نے گریجویشن کے دوران دہلی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے پوسٹ گریجویشن مکمل کی۔ ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ سیما چشتی یچوری اور دو بچے ہیں۔