مودی حکومت نے چندہ کے لیے جانچ ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا، اپنے مالی لین دین پر بی جے پی ’وائٹ پیپر‘ لائے: کھڑگے
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی نے اپنے لوٹ کی تجوری کو بھرنے کے لیے غیر آئینی اور غیر قانونی الیکٹورل بانڈ کا استعمال کیا اور اپنے چندے کی لوٹ کو 10 گنا بڑھانے کے لیے الیکشن ٹرسٹ میں بھی ہیرا پھیری کی۔
کانگریس صدر نے جمعرات (14مارچ) کو مرکزی حکومت پر چندہ حاصل کرنے کے لیے تفتیشی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اپنے مالی لین دین پر ایک ‘وائٹ پیپر’ لانا چاہیے۔ ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے پوسٹ میں کہا ہے کہ ’’کیا زیادہ چندہ پانے کے لیے یہ بلیک میلنگ، بھتہ خوری، لوٹ اور زبردستی تھی؟ تازہ جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ ای ڈی، سی بی آئی، انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے چھاپوں کے بعد 15 مزید کمپنیوں نے بی جے پی کو چندہ دیا، یعنی مجموعی طور پر 45 کمپنیوں نے بی جے پی کو تقریباً 400 کروڑ روپئے کی ادائیگی کی ہے۔‘‘
کھڑگے نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ ’’خبروں کے مطابق چار ‘شیل’ کمپنیوں نے بھی بی جے پی کو پیسے دیے ہیں۔‘‘ کھڑگے نے الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی کے بینک اکاؤنٹس کو ’ڈکٹیٹر مودی حکومت‘ نے منجمد کر دیا ہے جبکہ وہ خود مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کرتے ہوئے پیسے نکالتی ہے۔‘‘ کانگریس صدر نے دعویٰ کیا کہ ’’بی جے پی نے اپنی لوٹ کی تجوریوں کو بھرنے کے لیے غیر آئینی اور غیر قانونی الیکٹورل بانڈ کا استعمال کیا ہے اور اپنے چندے کی لوٹ کو 10 گنا بڑھانے کے لیے الیکشن ٹرسٹ میں بھی ہیرا پھیری کی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اگر بی جے پی کو ’مدر آف ڈیموکریسی‘ کی فکر ہے تو اسے آزادانہ تحقیقات کے ذریعے اپنے مالیاتی لین دین پر وائٹ پیپر لانا چاہئے۔‘‘