Bihar

گستاخ رسول یتی نرسنگھا نند سرسوتی کے خلاف ڈی ایم کو سونپا گیا میمورنڈم

9views

مسلمانوں میں شدید اضطراب، یتی نرسنگھا نند پر کارروائی کی جائے:جمعیت علماء ویشالی

حاجی پور،16اکتوبر (راست) ڈاسنا مندر غازی آباد اترپردیش کے مہنت یتی نرسنگھا نند سرسوتی کے ذریعے گذشتہ دنوں ایک بار پھر رحمۃ للعالمین جناب محمد رسول اللہ ؐ کی شانِ اقدس میں بدترین گستاخیاں کی گئی ہیں اور انتہائی توہین آمیز اور دل آزار ہفوات بکا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو ناقابل برداشت ہے،چند الفاظ سنتے ہی کانوں کی سماعت جواب دینے لگتی ہے اور قلب و جگر پارہ پارہ ہونے لگتاہے۔ یتی نرسنگھا نند اس سے پہلے بھی آخری نبی حضرت محمد ؐ اور اماں عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی شانِ اقدس میں گستاخیاں کرچکا ہے اور اس بار تو اس نے ساری حدیں پار کردی ہے۔ دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ یہاں ویشالی کے مسلمان اپنے محبوب نبی کی شان میں مذکورہ مہنت کے ذریعے اس طوفان بدتمیزی سے سخت صدمے اور شدید اضطراب کے عالم میں ہیں ، ان میں شدید غم وغصہ پایا جارہاہے۔ واضح ہوکہ اس سے قبل قائد جمعیۃ مولانا سید محمود اسعد مدنی دامت برکاتہم صدر جمعیۃ علماء ہند نے بھی وزیر داخلہ کو خط لکھ کر سخت کارروائی کا مطالبہ کیاہے اور اسے قومی سالمیت کیلئے خطرہ قرار دیا ہے، مولانا مدنی نے اپنے خط میں نشاندہی کی ہے کہ یتی نرسنگھا نند سرسوتی ایک شرپسند اور نفرت پھیلانے والاشخص ہے۔ جمعیۃ علماء بہار کے جنرل سکریٹری مولانا محمد ناظم قاسمی دامت برکاتہم بانی و مہتمم جامعہ قاسم العلوم تریپولیہ پٹنہ نے کہا کہ ہندوستان کا آئین ہر مذہب کے احترام کی ضمانت دیتا ہے اور ایسی نفرت انگیز تقاریر اور بیانات نہ صرف قانونی دائرے میں جرم ہے بلکہ اخلاقی طور پر بھی انتہائی قابل مذمت ہے۔ مفتی آصف جمیل قاسمی نے بتایا کی یہ سلسلہ اب دراز ہوتا جارہاہے اور وفقہ وقفہ سے ایسے بے لگام نفرتی عناصر کے ذریعے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا گویا ایک فیشن بنالیا گیا ہے اور حکومت انہیں قرار واقعی سزا دےکر ان سلسلوں کو بند نہیں کر رہی ؛یہ طرز عمل کسی بھی لحاظ سے نہ تو قابل قبول ہے اور نہ ہی ملک کے مفاد میں ہے ۔ یہ باتیں آج جمعیت علماء ویشالی کے ایک چھ رکنی وفد نے ضلع کلکٹرییٹ ویشالی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ۔ ہم لوگوں نے گستاخ رسول یتی نرسنگھا نند سرسوتی کے ذریعے پیارے آقا کی شان میں گستاخی کے خلاف یہاں ضلع مجسٹریٹ کو دو صفحات پر مشتمل ایک میمورنڈم سونپا ہے اور یہاں کے مسلمانوں کے اضطراب و غم وغصہ سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے توسط سے صدر جمہوریہ ہند کی خدمت میں قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے میمورنڈم وصول کرتے ہوئے کہا کہ ،ہم آپ کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور کریں گے اور جلد ہی اس درخواست پر کارروائی کی جائے گی ۔اس وفد میں مولانا آصف جمیل قاسمی، حافظ فصیح الدين عرف فردوس مدنی، مولانا عالمگیر ندوی ، حافظ توصیف فلاحی، سماجی کارکن محمد صدام حسین حاجی پور محمد ریحان موجود تھے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.