7
ریاست میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق میمورنڈم سونپا
پٹنہ، 5 فروری (یو این آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے بدھ کو گورنر عارف محمد خان سے ملاقات کی اور ریاست میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں ایک میمورنڈم پیش کیا۔میڈیا کو جاری ایک بیان میں مسٹر یادو نے ریاست کی نتیش کمار حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ آج انہوں نے گورنر سے ملاقات کی اور بہار میں امن و قانون کی بگڑتی صورتحال کے بارے میں ایک میمورنڈم پیش کیا اور انہیں ریاست میں جاری افراتفری کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں امن و امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے ریاست میں ہر روز قتل، فائرنگ، عصمت دری، ڈکیتی، چوری، جھپٹ ماری اور بھتہ خوری کے ریکارڈ توڑ واقعات رونما ہو رہے ہیں نیز شراب اور منشیات کی اسمگلنگ عروج پر ہے۔ ہر ماہ سینکڑوں لوگ مارے جا رہے ہیں۔ پولیس انتظامیہ عام شہریوں پر ان کی ذات اور مذہب کی بنیاد پر ظلم کر رہی ہے۔ مسلمانوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ہراساں کیا جا رہا ہے۔مسٹر یادو نے پولس انتظامیہ اور لاء اینڈ آرڈر پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی حفاظت میں مجرموں کے حوصلے بلند ہیں۔ خود ریاستی حکومت کے وزراء اقتدار کی سرپرستی میں ہونے والے جرائم کا کھلے عام اعتراف کر رہے ہیں۔ ریاستی اور مرکزی وزراء سیکڑوں راؤنڈ فائرنگ کا جواز پیش کررہے ہیں۔ ریاست میں انتشار اور افراتفری کی تشویشناک صورتحال ہے۔ وزیر اعلیٰ اس سب سے بے خبر ہیں۔