National

لوک سبھا انتخاب 2024: او بی سی پارٹیوں کے اتحاد نے ’انڈیا اتحاد‘ کی حمایت کا کیا اعلان

152views

نئی دہلی: انڈیا اتحاد کو جمعہ کے روز اس وقت بڑی کامیابی ملی جب ’او بی سی بھارتیہ مہاگٹھ بندھن‘ سے جڑی 30 پارٹیوں نے جمعہ کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کر دیا۔ کانگریس کے ذریعہ اٹھائے جا رہے ذات پر مبنی مردم شماری اور معاشی سروے کے ایشو سے متاثر ہو کر ’او بی سی بھارتیہ مہاگٹھ بندھن‘ نے انڈیا اتحاد کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ’او بی سی بھارتیہ مہاگٹھ بندھن‘ او بی سی سے جڑی 30 پارٹیوں کا اتحاد ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق کانگریس صدر راہل گاندھی کی موجودگی میں اس مہاگٹھ بندھن کے کنوینر و سابق رکن پارلیمنٹ راج کمار سینی نے انڈیا اتحاد کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس دوران ہریانہ و دہلی کے انچارج جنرل سکریٹری دیپک بابریا بھی موجود تھے۔

اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا اور بھارت جوڑو نیائے یاترا کو دیکھ کر ان کے نظریات سے متاثر ہو کر راج کمار سینی نے طے کیا کہ وہ کانگریس پارٹی کا ساتھ دیں گے۔ اس لیے انھوں نے بلاشرط انڈیا اتحاد کی حمایت دینے کا بھروسہ دلایا ہے۔ ملک کی جمہوریت کو بچانے کے لیے راج کمار سینی کانگریس کے ساتھ آئے ہیں۔

راہل گاندھی نے اس تعلق سے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں شراکت داری سب سے بڑا ایشو ہے۔ بھارت جوڑو نیائے یاترا میں کانگریس نے سماجی انصاف کی بات کی تھی اور اس کا اگلا انقلابی قدم ذات پر مبنی مردم شماری اور معاشی سروے ہے۔ اس کے لیے جو بھی ہاتھ ملائے گا وہ سبھی کا استقبال کرتے ہیں اور سبھی کو دل سے شکریہ کہتے ہیں۔ انھیں خوشی ہے کہ ہم سب ایک ساتھ یہ لڑائی لڑنے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر راج کمار سینی نے کہا کہ ہم سبھی سیاسی پارٹیاں ایک ہی بات کہہ رہے تھے کہ ہمیں ہماری حصہ داری ملنی چاہیے۔ راہل گاندھی جی نے ذات پر مبنی مردم شماری اور معاشی سروے کی بنیاد پر لوگوں کو انصاف دلانے کی آواز بلند کی ہے۔ اس لیے او بی سی بھارتیہ مہاگٹھن بندھن نے انڈیا اتحاد کو حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم ساتھ مل کر اس ملک میں سبھی کو برابری کا حق دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.