National

لوک سبھا انتخاب: بی جے پی نے جاری کی امیدواروں کی دسویں فہرست، کرن کھیر اور ریتابہوگنا جوشی کو نہیں ملا ٹکٹ!

194views

لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر بی جے پی نے آج اپنے امیدواروں کی دسویں فہرست جاری کر دی۔ اس فہرست میں 9 امیدواروں کا نام شامل کیا گیا ہے اور حیرت انگیز طور پر موجودہ اراکین پارلیمنٹ کرن کھیر و ریتابہوگنا جوشی کا پتّہ صاف ہو گیا ہے۔ جن لوک سبھا سیٹوں پر آج بی جے پی نے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے، ان میں سے 4 ایسی سیٹیں ہیں جہاں سے پارٹی نے اپنا امیدوار بدل دیا ہے۔ پھول پور سے کیسری دیوی پٹیل، الٰہ آباد سے ریتابہوگنا جوشی، بلیا سے ویریندر سنگھ مست اور چنڈی گڑھ سے کرن کھیر کا ٹکٹ کٹ گیا ہے۔

جاری فہرست کے مطابق سب سے زیادہ اتر پردیش کی 7 لوک سبھا سیٹوں پر امیدوار کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ ایک چنڈی گڑھ لوک سبھا سیٹ ہے اور ایک مغربی بنگال کی آسنسول لوک سبھا سیٹ ہے جس پر امیدوار کا نام اعلان کیا گیا ہے۔ چنڈی گڑھ سے سنجے ٹنڈن کو ٹکٹ ملا ہے اور آسنسول سے ایس ایس اہلوالیہ کو انتخابی میدان میں اتارا گیا ہے۔ آسنسول سے پہلے بھوجپوری فلم اداکار پون سنگھ کو ٹکٹ دیا گیا تھا، لیکن انھوں نے انتخاب لڑنے سے منع کر دیا تھا۔ اس لیے بی جے پی کو یہاں سے اپنا امیدوار بدلنا پڑ گیا۔

جہاں تک اتر پردیش کا سوال ہے، مین پوری سے جئے ویر سنگھ، بلیا سے نیرج شیکھر، مچھلی شہر سے بی پی سروج، غازی پور سے پارس ناتھ رائے، کوشامبی سے ونود سونکر، پھول پور سے پروین پٹیل اور الٰہ آباد سے نیرج ترپاٹھی کو میدان میں اتارا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اتر پردیش کی 80 سیٹوں میں سے 75 لوک سبھا سیٹوں پر بی جے پی امیدوار اتارنے والی ہے، باقی 5 سیٹوں پر این ڈی اے کی دیگر پارٹیاں انتخاب لڑیں گی۔ بی جے پی نے اب تک اتر پردیش کی 70 لوک سبھا سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے، یعنی اب محض 5 سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کیا جانا باقی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.