پانچویں کلاس پاس کرچکے بچے سینک اسکول میںداخلہ کیلئے ضرور فارم بھریں: امتیاز احمدکریمی
پٹنہ28 دسمبر (راست)سینک اسکول ہندستان کے ٹاپ اسکولوں میں سے ایک اسکول ہے۔ بھارت میں کل 33 سینک اسکول ہیں۔ جب کہ بہار میں 2سینک اسکول ہیں۔ایک سینک اسکول نالندہ میں ہے اور دوسرا اسکول گوپال گنج میں ہے۔سینک اسکول میں داخلہ کے لئے فارم بھرنے کی کارروائی جاری ہے۔ 13جنوری 2025 تک کلاس 6 اور کلاس9 کے لئے طلبہ و طالبات آن لائن فارم بھر سکتے ہیں۔یہ باتیں بی پی ایس سی کے سابق چیئر مین امتیاز احمد کریمی نےکلاس 6 او رکلاس 9 میں داخلہ کے خواہش مند طلبا وطالبات کے مفاد میں بتائی ہیں۔جناب کریمی نے اہلیت رکھنے والے خواہش مند طلبا سے کہا کہ وہ https://exams.nta.ac.in/ AISSEE/ویب سائٹ سے تفصیلی جانکاری اور فارم بھرنے کا عمل پورا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواہش مند طلبا وطالبات کو فیس کے طور پر 800روپے جمع کرنےہوں گے جب کہ ایس سی اور ایس ٹی طلبا کے لئے 650روپے فارم فیس مقرر ہے۔جناب کریمی نے سینک اسکول میں داخلہ کے حوالے سے مزید بتایاکہ سینک اسکول سے تعلیم حاصل کرنے والے بچے فوج میں آفیسر بنتے ہیں۔جو بچے ہندستانی فوج، ہندستانی بحریہ اور فضائیہ میں فوجی بن کر ملک وقوم کی خدمت چاہتے ہیں توانہیں سینک اسکول میں داخلہ لینا ضروری ہے۔ کلاس6 میں داخلہ کے لئے آل انڈیا سینک اسکول داخلہ ٹسٹ ہوتا ہے جس میں کامیابی کے بعد وہ اسکول میں آگے کی پڑھائی کر سکتے ہیں۔تعلیمی اداروں میں سینک اسکول کی ہندستان میں بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے۔
ان اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے فوجی افسر بن کر بہت ہی معتبر اور باوقار مقام رکھتے ہیں۔موجود ہ سینک اسکول جو 1961سے کام کر رہا ہے،سینک اسکول سوسائٹی،ڈیفنس منسٹری، بھارت سرکار اور اسٹیٹ گورنمنٹ کا ایک مشترکہ ادارہ ہے۔ سینک اسکول سوسائٹی کے تحت ہی ملک میں سبھی سینک اسکول چلائے جاتے ہیں۔سینک اسکول میں داخلہ کے لئے ہر سال جنوری میں داخلہ ٹسٹ ہوتا ہے اور مارچ کے پہلے ہفتہ میں ریزلٹ جاری ہو جاتا ہے۔داخلہ ٹسٹ اور انٹر ویو میں بہتر پرفارمینس کی بنیاد پر کلاس6 اور کلاس 9 میں داخلہ ہوتا ہے۔سینک اسکول میں لڑکے اور لڑکیوں دونوں کا داخلہ ہوتا ہے۔جس میں 67فیصد سیٹیں اس صوبے کے لئے مخصوص ہوتی ہیں جس اسٹیٹ میں یہ اسکول واقع ہے۔ جب کہ بقیہ 33فیصد سیٹوں پر دیگر ریاستوں کے بچوں کا داخلہ ہوتا ہے۔کچھ سیٹیں آرمی بیک گرائونڈ کےاسٹاف کے بچوں کے لئے مخصوص ہوتا ہے۔سینک اسکول میں اپنی تعلیم پوری کرنے کے بعد کیڈٹ آفیسر اکزام میں بیٹھ کر فوجی افسر بنتے ہیں۔جناب کریمی نے کہا کہ جو طالب علم پانچویں کلاں میں ہوں یا پاس کرنے والے ہوں ان سب کو فارم بھر کر سینک اسکول داخلہ ٹسٹ اکزام میں ضروربیٹھنا چاہئے۔ چاہے وہ داخلہ لیں یا نہ لیں۔کمپٹیشن میں بیٹھنے سے کمپٹیشن آسان ہوجاتا ہے اور بچوں میں صلاحیت اور ذہانت میں اضافہ بھی ہوتا ہے۔