National

’کمارسوامی و ایچ ڈی ریونا دہشت گرد نہیں کہ ان کا فون ٹیپ کیا جائے‘، ڈی کے شیوکمار کا سخت جواب

86views

کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے سابق وزیر اعلیٰ کمارسوامی اور وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کے ان الزام کو مسترد کر دیا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان کا فون ٹیپ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسےخبروں میں آنے کا ایک ہتھکنڈا قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ کرناٹک کے سابق وزیر اعلی ایچ ڈی کمارسوامی نے پیر کو ریاستی حکومت پر ان کی اور ان کے خاندان کی جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ 40 فون ٹیپ کئے جا رہے ہیں اور اس میں ان کے اہل خانہ کے فون بھی شامل ہیں۔

کمارسوامی کے فون ٹیپنگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ کمارسوامی اور ریونّا دہشت گرد نہیں ہیں جو ان کے خلاف ایسی کارروائی کی جائے۔ اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ حکومت مناسب طریقہ کار کے تحت دہشت گردوں کے فون ٹیپ کرتی ہے۔ ریاست میں سیاسی لیڈروں کے فون ٹیپ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ سرخیوں میں آنے کے لیے ایسے الزامات لگا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ پرمیشور نے بھی فون ٹیپنگ کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اسے مکمل طور پر مسترد کرتا ہوں۔ انہوں نے ہبلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ (کمارسوامی) صرف الزام لگا رہے ہیں۔ اگر ان کے پاس اس تعلق سے کوئی ثبوت ہے تو انہیں اسے سامنے لانا چاہئے۔

واضح رہے کہ ایچ ڈی کمارسوامی نے کہا تھا کہ میرے ارد گرد 40 لوگوں کے فون ٹیپ کیے جا رہے ہیں۔ فون پر جو کچھ بھی بات ہو رہی ہے اس کی نگرانی کی جا رہی ہے اور ایچ ڈی ریونّا کا فون بھی ٹیپ کیا جا رہا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.