رانچی: لوک سبھا انتخابات کے اعلان کے بعد جمعرات کو ہزاری باغ میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی جانب سے منعقدہ پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی اہلیہ کلپنا سورین نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عام جھارکھنڈ مخالفت تاناشاہی قوتوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
یہ جلسہ عام جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے یوم تاسیس کے موقع پر شہر کے مٹواری میں واقع گاندھی میدان میں منعقد کی گئی تھی۔ اس موقع پر کلپنا سورین نے کہا، ’’ہیمنت جی تمام طبقات کے بہبود کے لیے کام کر رہے تھے مگر گزشتہ دو برسوں سے تاناشاہی قوتوں نے انہیں آپ سے دور رکھا۔‘‘
بطور مقرر خصوصی خطاب کر رہی کلپنا سورین نے کہا، ’’جھارکھنڈ میں پہلے بھی حکومتیں رہیں اور زیادہ وقت تک بی جے پی نے حکومت چلائی۔ مگر جب ایک آدیواسی اور حساس وزیر اعلیٰ نے حکومت کی باگڈور سنبھالی تو انہوں نے کورونا جیسے مشکل وقت میں بھی اپنی جان جوکھم میں ڈال کر لوگوں کی خدمت کی۔ بی جے پی کی حکومتوں نے جھارکھنڈ کے ساتھ ہمیشہ سوتیلا سلوک کیا۔
جے ایم ایم (جھارکھنڈ مکتی مورچہ) کو جدوجہد کی پارٹی قرار دیتے ہوئے کلپنا سورین نے کہا، ’’خون پسینہ بہا کر ہمارے بہادر آبا و اجداد نے جل، جنگل اور زمین کی حفاظت کی اور علیحدہ جھارکھنڈ ریاست کے لیے تحریک چلائی۔ دیشوم گرو شیبو سورین نے ننگے پیر مہاجنوں کی مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔ ہیمنت کو بھی گرو جی سے وہی جذبہ ملا ہے۔ ہمارے ڈی این اے میں ہی نہیں کہ ہم جھک جائیں۔‘‘ جلسہ سے جھارکھنڈ حکومت کے وزیر متھلیش ٹھاکر، راجیہ سبھا کی رکن مہوا مانجھی سمیت کئی لیڈروں نے بھی خطاب کیا۔