
71views
نریندر مودی اور امت شاہ کے علاوہ راہل گاندھی بھی رہے موجود
نئی دہلی، 17 فروری:۔ (ایجنسی) ہندوستان کے موجودہ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار 18 فروری کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ایسے میں نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ہونی ہے۔ اس کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی کی آج میٹنگ ہوئی۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی میٹنگ میں موجود رہے۔ یہ میٹنگ ساؤتھ بلاک میں ہوئی۔ واضح ہو کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے 3 رکنی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ پہلے سی ای سی کی تقرری تجربے کی بنیاد پر ہوتی تھی۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کے بعد گیانیش کمار ہی سب سے سینئر الیکشن کمیشن ہیں۔ حالانکہ نئی دفعات کے تحت سلیکشن کمیٹی اکثریت یا متفقہ طور پر الیکشن کمشنر کا انتخاب کرے گی۔ میٹنگ کے اختتام کے بعد کانگریس نے ایک پریس کانفرنس کی۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کانگریس لیڈر اجے ماکن نے کہا کہ آج سی ای سی کے انتخاب کے لیے میٹنگ تھی۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ 19 فروری کو اس پر سماعت کرے گی کہ کمیٹی کا دستور کیسا ہونا چاہیے۔ اس کو دیکھتے ہوئے کانگریس کا ماننا ہے کہ آج کی میٹنگ کو ملتوی کیا جانا چاہیے تھا۔ اجے ماکن کے علاوہ راجیہ سبھا رکن منو سنگھوی نے کہا کہ کانگریس کا خیال ہے کہ اداروں کے کوآرڈینیشن اور دستور کی روح کا درست تعمیل کرنا ہے تو ایسا فیصلہ لیا جانا چاہیے جو جمہوریت کے حق میں ہو۔ نئے قانون میں کئی خامیاں ہیں۔ سی اے سی کے متعلق ہونے والا فیصلہ متوازن ہوں، صرف ایگزیکٹو منتخب نہ کریں۔ قابل ذکر ہے کہ حکومت نے مرکزی و زیر قانون ارجن رام میگھوال کی سربراہی میں ایک سرچ کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی میں 2 دیگر ممبر کے طور پر فنانس اور محکمہ پرسنل اینڈ ٹریننگ کے سیکرٹریوں کو شامل کیا گیا تھا۔ سرچ کمیٹی نے سی ای سی اور ای سی کے طور پر تقرری کے لیے 5 سیکرٹری سطح کے افسران کے ناموں کی فہرست بھی سونپی تھی۔ اب وزیر اعظم کی سربراہی والی سلیکشن کمیٹی سی ای سی اور ای سی کے نام پر فیصلہ کرے گی۔ سلیکشن کمیٹی میں وزیر اعظم مودی کے علاوہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعظم کے ذریعہ نامزد ایک مرکزی کابینہ وزیر شامل ہیں۔
