جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،14؍اپریل: رانچی یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر سروج شرما نے راج بھون میں جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش کمار گنگوار سے خیر سگالی ملاقات کی۔ یہ ملاقات تعلیمی، ثقافتی اور فکری نقطہ نظر سے انتہائی اہم مانی جا رہی ہے، جس میں اعلیٰ تعلیم کے مختلف پہلوؤں پر مثبت تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پروفیسر سروج شرما نے گورنر کو ‘ہندوستانی علمی روایت‘اور ’قدیم ہندوستانی سائنس‘کے موضوعات پر اپنی لکھی ہوئی کتابیں پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کتابوں میں ہندوستان کے مالامال فکری ورثے اور قدیم سائنسی کامیابیوں کی جامع تشریح کی گئی ہے، جو موجودہ تعلیمی نظام میں بھی اہمیت کی حامل ہیں۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی میں جاری تعلیمی اصلاحات، تحقیقی سرگرمیوں اور نئی تعلیمی پالیسی (NEP) کے تحت کی جانے والی کوششوں سے بھی گورنر کو آگاہ کیا۔گورنر سنتوش کمار گنگوار نے پروفیسر شرما کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی علمی روایت کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یونیورسٹیاں اس سمت میں سرگرم کردار ادا کریں تاکہ نئی نسل اپنے ورثے سے واقف ہو سکے۔ ملاقات کے دوران تعلیم کی معیار، اختراع (Innovation) اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی جیسے امور پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ گورنر نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ یہ ملاقات تعلیمی مستقبل کے حوالے سے ایک معنی خیز مکالمہ ثابت ہوئی۔
