ہوم Jharkhand دسمبر سے قبل تمام طلبہ کو وظائف کی ادائیگی کر دی جائے

دسمبر سے قبل تمام طلبہ کو وظائف کی ادائیگی کر دی جائے

0
Facebook Messenger Twitter WhatsApp

ایک ماہ میں 50 فیصد سائیکلیں تقسیم کی جائیں؛ محکمانہ جائزہ اجلاس میں وزیر چمرا لنڈا کی سخت ہدائت

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 12 جون:۔ جھارکھنڈ حکومت کے وزیر چمرا لنڈا نے محکمانہ اسکیموں کے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے دوران افسران کو اسکالرشپ کی ادائیگی، سائیکلوں کی تقسیم اور روزگار پیدا کرنے والی اسکیموں کو زمینی سطح پر مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے کئی اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ طلبہ کو ملنے والے وظائف کی رقم کی ادائیگی کو مکمل طور پر شفاف اور وقت کا پابند بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے ایک جدید اور فعال نظام تیار کیا جائے تاکہ کسی بھی سطح پر تاخیر کا امکان باقی نہ رہے۔
دسمبر سے قبل اسکالرشپ کی ادائیگی
اجلاس میں وزیر موصوف نے تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے حکام کو سخت ہدایت دی کہ ہر حال میں دسمبر کے مہینے سے پہلے تمام اہل طالب علموں کے کھاتوں میں اسکالرشپ کی رقم منتقل ہو جانی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی وظائف کی تقسیم میں سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور پورے عمل کو مزید جوابدہ بنایا جائے گا۔
ای کلیان پورٹل فعال
دورانِ جائزہ قبائلی بہبود کے کمشنر نے وزیر کو مطلع کیا کہ مالیاتی سال 2026-27 کے لیے ‘ای کلیان ‘ پورٹل کو 15 مئی سے ہی کھول دیا گیا ہے۔ پورٹل کے بروقت فعال ہونے کی وجہ سے اسکالرشپ کے لیے آن لائن درخواستوں کی وصولی اور جانچ کا عمل انتہائی ہموار اور منظم طریقے سے جاری ہے، جس سے طلبہ کو کافی سہولت مل رہی ہے۔
سائیکلوں کی تقسیم کا نشانہ
اسکول چھوڑنے والے بچوں کی بڑھتی ہوئی شرح کو روکنے کے مقصد سے سائیکل تقسیم اسکیم کا بھی گہرائی سے جائزہ لیا گیا۔ وزیر چمرا لنڈا نے افسران کو حکم دیا کہ طے شدہ ہدف کے مقابلے میں کم از کم 50 فیصد سائیکلوں کی تقسیم کا کام اگلے ایک ماہ کے اندر لازمی طور پر مکمل کیا جائے، تاکہ غریب اور دور دراز کے علاقوں سے آنے والے طلبہ کو بروقت اس کا فائدہ مل سکے اور ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
روزگار اسکیم کی نئی حکمتِ عملی
دوسری جانب وزیر موصوف نے ‘وزیراعلیٰ روزگار سریجناسکیم ‘ کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بے روزگار نوجوانوں کو خود روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اس اسکیم کا گہرا مطالعہ کیا جائے اور اس کا ایک نیا خاکہ تیار کر کے نئے سرے سے درخواستیں طلب کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کا اصل مقصد زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو خود کفیل بنانا ہے، جس کے لیے عملی اصلاحات بے حد ضروری ہیں۔

Exit mobile version