کانگریس نے منائی شنکر پرساد ساہو کی برسی
جدید بھارت نیوز سروس
چترا،13؍جنوری: چترا میں منگل کے روز سابق کانگریس ضلعی صدر اور معروف سماجی کارکن آنجہانی شنکر پرساد ساہو کے مجسمے پر گلپوشی کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ کانگریس لیڈروں، کارکنوں اور سماجی کارکنوں نے بڑی تعداد میں پہنچ کر ان کے تئیں احترام کا اظہار کیا اور ان کی سماجی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں نمن کیا۔ پورے پروگرام کے دوران ایک جذباتی ماحول دیکھنے کو ملا۔خراجِ عقیدت کے اس پروگرام میں کانگریس ضلع صدر چندریو گوپ، نائب صدر اوم پرکاش پاٹھک، پرتاپ پور بلاک صدر رقیب الامام، شہر صدر سنتوش کیسری، دفتر انچارج عظیم الدین خواجہ، سمیت کئی کارکنان اور مقامی دانشور موجود تھے۔ پروگرام کے دوران مقررین نے کہا کہ آنجہانی شنکر پرساد ساہو نہ صرف کانگریس تنظیم کی مضبوطی کا اہم ستون تھے بلکہ سماجی خدمت میں بھی ان کا تعاون ناقابلِ فراموش رہا ہے۔ وہ غریبی، سماجی انصاف، تعلیم اور عوامی مسائل سے جڑے معاملات پر زندگی بھر سرگرم رہے۔ضلع صدر چندریو گوپ نے کہا کہ ساہو جی کی زندگی سادگی، لگن اور جدوجہد کی علامت تھی۔ انہوں نے ہمیشہ عام آدمی کے مفاد کو ترجیح دی۔ ان کی سوچ اور اصول آج بھی ضلع کے سیاسی اور سماجی کارکنوں کو ترغیب دیتے ہیں۔ پروگرام کا اختتام ان کے نقشِ قدم پر چلنے اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کے عزم کے ساتھ کیا گیا۔ حاضرین نے کہا کہ آنجہانی ساہو کی وراثت چترا کے سماجی شعور کا ایک اہم باب بنی رہے گی۔



