انجمن فروغ اردو جھارکھنڈ سے کافی توقعات وابستہ ہیں: شاہ عمیر
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ،07؍دسمبر: انجمن فروغ اردو جھارکھنڈ کی ایک نشست آج ہوٹل شاہ ریزیڈنسی کربلا چوک، رانچی میں ہوئی، جس میں انجمن فروغ اردو جھارکھنڈ کے پانچ سال مکمل ہونے پر پنج سالہ رپورٹ پیش کی گئی ۔ ساتھ ہی آئندہ کے ذمے داران کا انتخاب عمل میں آیا۔ پروگرام میں انجمن فروغ اردو جھارکھنڈ کے مختلف ضلعی سطح کے ممبران کے علاوہ مختلف علاقوں سے فعال اور متحرک ممبران شامل ہوئے ۔ اس پروگرام کی صدارت جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے سکریٹری شاہ عمیر نے فرمائی ۔اس پروگرام کا آغاز رام گڑھ سے آئے ہوئے قاری امیر حمزہ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ اس کے بعد مکرم حیات نے نعت پاک پیش کی اور انجمن فروغ اردو کا ترانہ پڑھا ۔ سابق صدر کی حیثیت سے محمد اقبال نے انجمن فروغ اردو جھارکھنڈ کی پنج سالہ رپورٹ پیش کی،جس میں انہوں نے بتا یا کہ انجمن فروغ اردو نے اس دورانیے میں کئی سمینار ،مشاعرے ،ادبی نشستوں کے علاوہ تقریباً 12ہزار میٹرک و انٹرکے طلبا کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ اردو کو فروغ دینے کاکام کیا۔

اس کے علاوہ مختلف شعبہ جاتی دفاتر میں اردو کو نافذ کرانے کے لیے کوششیں کی گئیں۔ اس دوران کئی کتابوں کی اشاعت انجمن فروغ اردو کے زیر اہتمام عمل میں آئی۔ اس موقع پر سکریٹری انجمن فروغ اردو ڈاکٹر محمد غالب نشتر نے پنج سالہ آڈٹ رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد انتخابی کارروائی شروع ہوئی جس کے لیے لاتے ہار سے تشریف لائے ڈاکٹر محمد مرشد ، محمد منور حسین اور دلشاد نظمی کے زیر نگرانی انتخاب عمل میں آیا۔ جمہوری طریقے سے نو منتخب عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا۔ محمد اقبال (صدر)، ڈاکٹر شاہنواز خان نمکین اورڈاکٹر شگفتہ بانو (نائب صدور) ،ڈاکٹر محمد غالب نشتر (جنرل سکریٹری ) ، ڈاکٹرعبد الباسط اور ڈاکٹر کفیل احمد (جوائنٹ سکریٹریز) ،محمد دانش ایاز (خازن)، محمد عمران، مکرم حیات اور سرفراز عالم قادری (میڈیا انچارج) کے علاوہ مجلس عاملہ کے ممبران کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔ صدارتی خطبہ کے دوران شاہ عمیر نے کہا کہ انجمن فروغ اردو جھارکھنڈ سے کافی توقعات وابستہ ہیں، قوی امید ہے کہ آئندہ پانچ سالوں میں اسی طرح اپناکام انجام دیتی رہے گی۔ ڈاکٹر شگفتہ بانو نے شکریے کی رسم ادا کی۔



