ایس آئی آر میں شہریوں کے تعاون کیلئے امارت شرعیہ کی درجنوں تربیت یافتہ ٹیمیں تیار: مفتی محمد سعید الرحمٰن قاسمی
رانچی، یکم؍ فروری(راست) امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کے زیر اہتمام ریاست جھارکھنڈ میں ایس آئی آر (SIR) بیداری و تربیتی مہم کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ یکم فروری 2026 کو انجمن پلازہ، رانچی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ناظم امارت شرعیہ مفتی محمد سعید الرحمٰن قاسمی نے اس مہم کی تفصیلات پیش کیں اور امیرِ شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کا خصوصی پیغام پہنچایا۔یہ مہم 29 دسمبر 2025 کو پٹنہ سے شروع ہوئی اور 31 جنوری 2026 تک جاری رہی۔ اس دوران ریاست کے تمام 24 اضلاع کے 56 مقامات پر تربیتی پروگرام منعقد کیے گئے۔ مہم کا بنیادی مقصد الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے شروع کی جانے والی ایس آئی آر (SIR) کی تیاریوں، خاص طور پر پیرنٹل میپنگ (2003 کی ووٹر لسٹ سے موجودہ لسٹ کا ملان) کے حوالے سے عوام کو بیدار کرنا تھا۔ امیرِ شریعت نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ اس بار کا ایس آئی آر عمل ماضی کے مقابلے میں پیچیدہ ہے۔ اگر کسی کا نام 2003 کی ووٹر لسٹ میں نہیں ہے، تو الیکشن کمیشن نے آدھار کارڈ، پین کارڈ یا راشن کارڈ جیسے دستاویزات کو متبادل کے طور پر شامل نہیں کیا ہے۔ اسی خطرے کے پیشِ نظر امارت شرعیہ نے بلاتفریق مذہب و ملت ہر شہری کو قبل از وقت ہوشیار کرنے کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم روانہ کی تھی۔ اس وفد میں مفتی قیام الدین قاسمی، ڈاکٹر حفظ الرحمن حفیظ اور مولانا اکرام الدین قاسمی شامل تھے، جبکہ قیادت نائب ناظم مفتی محمد سہراب ندوی اور دیگر ذمہ داران نے کی۔ مہم کے دوران نوجوانوں کو پروجیکٹر کے ذریعے عملی تربیت دی گئی تاکہ وہ فیلڈ میں جا کر عوام کی رہنمائی کر سکیں۔ ان پروگراموں میں نہ صرف عام شہریوں بلکہ قبائلی برادریوں اور دیگر طبقات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تربیت یافتہ ٹیمیں اب عوام کو فارم 6 اور فارم 8 بھرنے اور قانونی پیچیدگیوں کو حل کرنے میں تعاون فراہم کریں گی۔ پریس کانفرنس میں واضح کیا گیا کہ یہ مہم مکمل طور پر اصلاحی، آئینی اور عوامی مفاد پر مبنی ہے، جس کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہے۔ مختلف ملی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے اس قدم کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے امارت شرعیہ کی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔ ناظم امارت شرعیہ نے تمام علما، ائمہ، سماجی کارکنان اور مقامی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ مہم کامیاب رہی۔



