عمر قید کی سزا کاٹ رہے 51 قیدیوں کی رہائی کا حکم
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 22 اگست:۔رانچی کے کانکے روڈ پر واقع وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ میں جھارکھنڈ ریاستی سزا نظرثانی کونسل کی 35ویں میٹنگ ہوئی، جس کی صدارت وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کی۔ میٹنگ میں مختلف جیلوں میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے 51 قیدیوں کی رہائی پر اتفاق ہوا۔37 نئے کیسوں کے ساتھ 66 پچھلے مسترد شدہ معاملات پر بھی دوبارہ غور کیا گیا۔ ہر کیس پر سنجیدگی سے جائزہ لیتے ہوئے قیدیوں کی سزا، رویہ، عمر، اور سماجی حالات کو مدنظر رکھا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے تمام سفارشات کو بغور سنا اور رہائی کی منظوری دی۔
قیدیوں کو نئی زندگی کے لیے تیار کیا جائے
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 14 سال یا زائد سزا کاٹ چکے، عمر رسیدہ اور اچھے رویے والے قیدیوں کو رہا کر بہتر زندگی کی طرف لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رہائی ایک انسانی پہلو رکھتی ہے، اس لیے قیدیوں کی سماجی واپسی کو ترجیح دی جائے۔بیمار یا ذہنی مسائل سے دوچار قیدیوں کے لیے علاج کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ ان کی مکمل صحتیابی کے بعد ہی رہائی ممکن بنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ رہا شدگان کو فلاحی اسکیموں سے جوڑا جائے۔
2019 سے 619 قیدی رہا
افسران نے بتایا کہ 2019 سے اب تک 619 قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے، جن میں سے 558 کا فزیکل ویریفیکیشن مکمل ہوا ہے۔ 470 قیدیوں کو مختلف اسکیموں جیسے بزرگ پنشن، راشن کارڈ، آیوشمان کارڈ، اور منریگا سے جوڑا گیا ہے۔باقی قیدیوں کو بھی جلد اسکیموں سے جوڑنے کا عمل جاری ہے تاکہ ان کی مکمل سماجی بحالی ہو سکے۔ میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری اویناش کمار، پرنسپل سیکریٹری داخلہ وندنا دادیل، ڈی جی پی انوراگ گپتا، آئی جی جیل سودرشن منڈل، جوڈیشل کمشنر انیل مشرا سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔



