ہومJharkhandآر جے ڈی لیڈروں کی وزیر محنت سنجے پرساد یادو سے ملاقات

آر جے ڈی لیڈروں کی وزیر محنت سنجے پرساد یادو سے ملاقات

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

ایس آئی آر کے خلاف ہوشیاری اور کارکنوں میں ہم آہنگی بڑھانے پر زور

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ، 26؍ اپریل: جھارکھنڈ پردیش آر جے ڈی کے سابق صدر، سینئرلیڈر اور سابق ایم ایل اے گوتم ساگر رانا اور پردیش آر جے ڈی کے ترجمان کیلاش یادو نے حکومت جھارکھنڈ میں وزیر محنت و صنعت سنجے پرساد یادو سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر خیر سگالی ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔وزیر کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران گھنٹوں ریاست اور پارٹی تنظیم کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔واضح رہے کہ وزیر سنجے پرساد یادو کے والد گزشتہ کچھ دنوں سے علیل ہیں اور ان کا علاج دہلی کے ایک ہسپتال میں چل رہا ہے۔ رانا اور یادو نے وزیر سنجے پرساد یادو سے پارٹی کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا اور گزشتہ 5 اپریل کو بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی کے قومی کارگزار صدر تیجسوی یادو کے رانچی میں استقبالیہ پروگرام کے اختتام کے بعد رہنماؤں اور کارکنوں کو دی گئی ہدایات کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور غوروخوض کیا۔آر جے ڈی کے ترجمان کیلاش یادو نے بتایا کہ پارٹی لیڈر تیجسوی یادو ریاست میں پارٹی کی مضبوطی کے لیے ایک بڑی لکیر کھینچ کر گئے ہیں اور کئی ضروری ٹاسک اور رہنمائی کے پیغامات دے کر گئے ہیں۔
وزیر سنجے پرساد یادو نے آر جے ڈی کے سینئرلیڈر گوتم ساگر رانا سے کہا کہ آپ جھارکھنڈ کے سب سے سینئراور کافی تجربہ کار سیاست دان ہیں، آپ کو ریاست میں تقریباً 5 بار ریاستی صدر کے طور پر تنظیمی کام کرنے کا موقع ملا ہے۔بی جے پی SIR کے ذریعے چھوٹی ریاستوں میں خاص طور پر علاقائی جماعتوں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ہم سب کو ہوشیاری سے اس کا مقابلہ کرنا ہے اور پارٹی تنظیم نیز چھوٹے بڑے لیڈروں اور کارکنوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر کے SIR پر گہری نظر رکھنی ہے۔بہار سے شروع ہونے والا SIR غیر بی جے پی حکومتوں کے لیے مودی حکومت الیکشن کمیشن کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی مہلک قدم اٹھا رہی ہے، دراندازوں اور بنگلہ دیشیوں کے نام پر جمہوری عمل کے خلاف جا کر ریاستوں میں کروڑوں لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹے جا رہے ہیں۔گوتم ساگر رانا نے کہا کہ اس کے لیے آر جے ڈی کو بیداری کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے اور ریاستی یونٹ کو پنچایت کی سطح پر پارٹی کارکنوں کو پیغام دینے کی ضرورت ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.