محکمہ موسمیات کی جانب سے اورنج الرٹ جاری؛ آج سے گرج چمک اور آندھی کا امکان
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 26 اپریل: پوری ریاست اس وقت شدید گرمی اور ہیٹ ویو (لو) کی شدید لہر کا سامنا کر رہی ہے۔ پلاموں، گڑھوا اور چترا سمیت کئی اضلاع میں سورج آگ برسا رہا ہے، جس کی وجہ سے عام جن زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ شدید گرمی کے باعث بزرگوں اور بچوں میں بیماریوں کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ڈالٹن گنج ریاست کا گرم ترین علاقہ رہا جہاں درجہ حرارت 44.6 ڈگری سیلسیس تک جا پہنچا، جبکہ دارالحکومت رانچی میں بھی پارہ 40 ڈگری کے نشان کو پار کر گیا ہے۔
کئی اضلاع میں درجہ حرارت 40 سے اوپر
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے تقریباً تمام بڑے شہروں میں شدید تپش ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق بوکارو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.2 ڈگری، چائی باسا میں 42.4 ڈگری اور جمشید پور میں 40.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ رانچی میں بھی اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.8 ڈگری رہا جس نے شہریوں کو بے حال کر دیا۔ دوسری جانب، سب سے کم درجہ حرارت گملا میں 21.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جہاں رات کے وقت کچھ راحت محسوس کی گئی۔
طوفان اور ژالہ باری کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے گرمی سے پریشان شہریوں کے لیے جہاں ایک طرف اورنج الرٹ جاری کیا ہے، وہیں دوسری طرف کچھ اضلاع کے لیے راحت کی خبر بھی دی ہے۔ پیشن گوئی کے مطابق 27، 28 اور 29 اپریل کو ریاست کے مختلف حصوں میں موسم کروٹ لے سکتا ہے۔ اس دوران گرج چمک کے ساتھ طوفان، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جس سے درجہ حرارت میں معمولی کمی آنے کی توقع ہے۔
احتیاطی تدابیر کی اپیل
شدید گرمی اور آنے والے ممکنہ طوفان کے پیش نظر انتظامیہ اور محکمہ موسمیات نے لوگوں کو محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دوپہر کے وقت بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ آسمانی بجلی گرنے کے خدشے کے پیش نظر کسانوں اور کھلے میدان میں کام کرنے والے افراد کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
