نئی دہلی، 26 جون (یو این آئی) خواتین واطفال کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ انپورنا دیوی نے جمعہ کو کرغز جمہوریہ کے بشکیک میں منعقدہ ایس سی او ویمنز فورم 2026 سے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے خطاب کیا، جس میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اور اس کے باہمی احترام، مساوات اور اتفاقِ رائے کے اصولوں کے تئیں ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا اور شراکت داری کو مضبوط بنانے اور تنظیم کے مشترکہ ترقیاتی اہداف کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔اقتصادی ترقی میں خواتین کے کردار پر پینل سیشن کے دوران ہندوستان کا افتتاحی بیان اور ریمارکس پیش کرتے ہوئے وزیرموصوف نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین محض ترقی سے فائدہ اٹھانے والی نہیں ہیں بلکہ اس کے سب سے طاقتور محرکات میں شامل ہیں — جو کہ خواتین کی قیادت میں ترقی کے ہندوستان کے وژن اور 2047 تک ‘وِکست بھارت ‘ کے اس کے ہدف کا اصل جوہر ہے۔ وزیرموصوف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تقریباً 100 ملین خواتین 9 ملین سے زیادہ سیلف ہیلپ گروپس میں منظم ہیں، جن میں سے 30 ملین سے زیادہ ‘لکھپتی دیدی بن چکی ہیں۔ خواتین کے تحفظ، دیکھ بھال اور اقتصادی شمولیت کو آگے بڑھانے میں مشن شکتی اور مشن پوشن 2.0 کو اہم ستون قرار دیا گیا۔ ہندوستان نے خطے بھر میں خواتین کی اقتصادی قیادت اور فلاح و بہبود کو آگے بڑھانے میں اپنے تجربات کا اشتراک کرنے اور ایس سی او شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے کی اپنی آمادگی کا اعادہ کیا۔
