جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ،4؍فروری: رانچی پولیس نے کھادگڑھا بس اسٹینڈ پر مسلسل ہونے والی آتشزنی کی وارداتوں کا معمہ حل کرتے ہوئے ایک مشتبہ ملزم ارجن بھوکتا کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر لوئر بازار تھانے کی پولیس نے اسے دھر دبوچا، جس کے قبضے سے ماچس اور لائٹر برآمد ہوا ہے۔سٹی ایس پی پارس رانا کے مطابق، یکم فروری 2026 کو اسٹینڈ پر کھڑی 6 بسیں جل کر راکھ ہو گئی تھیں۔ ابھی تفتیش جاری تھی کہ 2 فروری کو ایک اور سٹی بس میں آگ لگانے کی کوشش کی گئی، جسے بروقت بجھا لیا گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو آگ لگنے سے ٹھیک پہلے بس میں داخل ہوتے اور نکلتے ہی شعلے بھڑکتے دیکھا گیا۔ پولیس نے 3 فروری کو بی این ایس کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کو اس کے گھر سے گرفتار کیا۔ گرفتاری کے وقت ملزم شدید نشے کی حالت میں تھا۔واضح رہے کہ کھادگڑھا بس اسٹینڈ پر اس طرح کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ جون 2023 میں بھی محض 5 گھنٹے کے وقفے سے دو بار آگ لگی تھی، جس میں 9 بسیں لپیٹ میں آئی تھیں۔ اس وقت بھی سی سی ٹی وی جانچ سے انکشاف ہوا تھا کہ ایک نابالغ نے اسپرٹ چھڑک کر بسوں کو آگ لگائی تھی، جسے بعد میں پولیس نے حراست میں لیا تھا۔










Users Today : 17
Users Yesterday : 219
Users Last 7 days : 1348
Users Last 30 days : 1505
Users This Month : 1491
Users This Year : 1505
Total Users : 4563048