عوام کے مسائل کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہنے کی ہدائت ملی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 14 جولائی:۔ جھارکھنڈ کے کانگریس کوٹے کے وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور ایم ایل ایز نے سومواری کو کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی کی تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سے ملاقات کی۔ ریاستی کانگریس کے صدر کیشو مہتو کملیش نے میٹنگ کے بعد بتایا کہ قومی صدر کھرگے، راہل گاندھی اور تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے رہنمائی دی اور کہا کہ کانگریس کو ہمیشہ عوام کے مسائل پر کھڑا رہنا چاہیے۔ انہوں نے ریاستی کانگریس کے ذریعہ کئے جارہے تنظیمی کاموں کی بھی ستائش کی۔
کے راجو کو تنظیم کی سرگرمیوں سے واقف کروایا گیا
اس دوران کانگریس کے جھارکھنڈ انچارج کے راجو نے جھارکھنڈ میں تنظیم کی جاری سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ریاست میں تنظیم سازی کے تحت تازہ ترین صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔ اس کے تحت ضلع، بلاک، گرام پنچایت کمیٹیوں کی تشکیل، ڈویژنل صدر کی تقرری کے ساتھ 12 رکنی بلاک کمیٹی کی تشکیل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکومت کے کام کو بھی مدنظر رکھا گیا
کانگریس کے اعلیٰ لیڈروں نے کانگریس کوٹے کے وزراء سے حکومت کے کام کا حساب بھی لیا۔ اس کے علاوہ کانگریس ہائی کمان کو پی ای ایس اے قانون اور سرنا دھرم کوڈ سے متعلق شروع کیے گئے پروگراموں کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔ اس کے ساتھ انتخابات کے وقت کی گئی سات ضمانتوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔



