کتری اور مسریا آبی ذخائر کا کیا معائنہ؛ کھیتوں تک بلا تعطل پانی پہنچانے کی ہدایت
جدید بھارت نیوز سروس
گملا ،29؍اپریل: ضلع میں زراعت کو مضبوط اور خود کفیل بنانے کے مقصد سے ڈپٹی کمشنر دلیشور مہتو نے مختلف آبی ذخائر اور نہر کے نظام کا تقریباً سات گھنٹے تک معائنہ کیا۔ معائنے کا آغاز کتری آبی ذخائر سے ہوا، جہاں انہوں نے نہروں اور ڈسٹری بیوٹری سسٹم کا جائزہ لیتے ہوئے کھیتوں تک بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے ربیع سمیت تمام فصلی چکروں میں کسانوں کو آبپاشی کی مناسب سہولیات فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے سولر لفٹ اریگیشن، سولر پمپ اور کسان سمردھی یوجنا کے تحت فوائد دینے کی بات کہی۔
نہروں کی مرمت، سولر آبپاشی اور ماہی گیری کے فروغ پر زور
معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے نہروں کی مرمت کے لیے ڈی پی آر (DPR) تیار کرنے، شمسی توانائی پر مبنی آبپاشی کے وسائل فراہم کرنے اور آبی ذخائر کی دیکھ بھال میں مصروف عملے کی اجرت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی ماہی گیری کے فروغ کے لیے ماہی گیر گروپوں کی تشکیل، کیج (Cage) کی تعمیر اور مقامی لوگوں کو ماہی گیری کی ترغیب دینے پر زور دیا۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی دی کہ آبی ذخائر کے آس پاس کی کوئی بھی زمین غیر مستعمل نہ رہے اور اسے زراعت و دیگر سرگرمیوں سے جوڑا جائے۔
79 کلومیٹر نہر کے نیٹ ورک کی بحالی اور مسریا آبی ذخائر پر توجہ
گھاگھرا بلاک کے مختلف علاقوں میں تباہ شدہ نہروں اور ڈیموں کے ڈھانچوں کا معائنہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے لیکیج کی مرمت، ڈی سیلٹنگ (بھال صفائی) اور تعمیر نو کے لیے ایک ہفتے میں ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کتری آبی ذخائر سے شیوراج پور ڈیم تک 79 کلومیٹر طویل نہر کے نیٹ ورک کی مکمل بحالی پر خصوصی توجہ دی۔ اس کے علاوہ مسریا آبی ذخائر کے معائنے کے دوران آس پاس کے گاؤں کو اس سے جوڑ کر زرعی توسیع کے امکانات کو مضبوط کرنے کی بات کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آبی وسائل کا تحفظ اور سائنسی انتظام ہی زرعی ترقی کی کلید ہے۔









Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593438