وزیر دپیکا پانڈے سنگھ پر لگایا تھا دلت مخالف ہونے کا الزام
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ،22؍ستمبر: جھارکھنڈ میں کانگریس پارٹی نے اپنے درج فہرست ذات کے محکمہ کے چیئرمین کیدار پاسوان کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ کیدار پاسوان نے اپنی ہی پارٹی کی وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ کو دلت مخالف قرار دیا تھا اور ان پر کئی دیگر الزامات بھی لگائے تھے۔ جس کے بعد پارٹی نے ان سے وضاحت طلب کی ہے۔
دیپیکا پانڈے سنگھ کو دلت مخالف کہا گیا
جھارکھنڈ کانگریس کے شیڈول کاسٹ ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین کیدار پاسوان نے کہا کہ جب ہم دلتوں کی بہتری کی بات کرتے ہیں، جب ہم دیہی ترقی کی وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ سے دلتوں کے خلاف ظلم کی شکایات لے کر رابطہ کرتے ہیں، تو وہ سننے سے انکار کردیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیپیکا پانڈے سنگھ دلت مخالف ہیں اور جاگیردارانہ ذہنیت رکھتی ہیں۔
پارٹی نے شوکاز نوٹس جاری کر دیا
پارٹی نے جھارکھنڈ کانگریس شیڈول کاسٹ ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین کیدار پاسوان کو ایک شوکاز نوٹس جاری کیا ہے جس پر دفتر انچارج ابھیلاش ساہو کے دستخط ہیں۔ عوامی پلیٹ فارم پر وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ کے خلاف ان کے تبصروں کا حوالہ دیتے ہوئے کیدار پاسوان سے سات دنوں کے اندر جواب دینے کو کہا گیا ہے۔ریاستی کانگریس کے ترجمان جگدیش ساہو نے کہا کہ یہ دلت مخالفت کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ اس کے اپنے کوٹے کے ایک وزیر کے خلاف میڈیا کے سامنے دیئے گئے بیانات کو قابل اعتراض سمجھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی انچارج نے وزیر کے خلاف شکایت کو سنجیدگی سے لیا ہے۔



