وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے ہر ضلع میں سخت نگرانی کی ہدائت جاری کی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 13 جنوری:۔ مغربی بنگال میں نیپاہ وائرس کے دو مشتبہ مریضوں کے بعد جھارکھنڈ حکومت نے مکمل الرٹ جاری کر دیا ہے۔ صحت کے وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری نے ریاست کے تمام اضلاع کے سول سرجنز کو ہائی الرٹ موڈ میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اس ضمن میں صحت محکمہ کے اپر چیف سیکریٹری کو بھی ضروری ہدایات دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ نیپاہ وائرس کی ابتدائی علامات میں بخار، شدید سر درد، کھانسی، سانس لینے میں دشواری، گلے میں خراش شامل ہیں۔ کچھ صورتوں میں یہ وائرس دماغ پر شدید اثر ڈال کر ذہنی سوجن (اینسفیلائٹس) اور کومہ جیسی سنگین حالتیں پیدا کر سکتا ہے۔ یہ بیماری جانور سے انسان میں منتقل ہونے والی خطرناک بیماری ہے۔ وائرس زیادہ تر پھل کھانے والے چمگادڑسے پھیلتا ہے۔ اس کے علاوہ انفیکشن شدہ جانور، خاص طور پر سور، یا ان کا متاثرہ گوشت اور متاثرہ شخص کے جسمانی رطوبتوں (لارج، خون وغیرہ) کے براہِ راست رابطے سے بھی یہ منتقل ہو سکتا ہے۔ نیپاہ وائرس کی موت کی شرح بہت زیادہ ہے، جو صورتحال کے مطابق 40 فیصد سے 75 فیصد تک ہو سکتی ہے۔ اسی لیے اسے انتہائی مہلک اور خطرناک بیماری سمجھی جاتی ہے۔



