جدید بھارت نیوز سروس
کوڈرما،29؍اپریل: ضلع کے نندوڈیہہ میں پولیس نے ایک خاتون کی مشتبہ حالت میں لاش برآمد کی ہے۔ متوفیہ کی شناخت 25 سالہ ارچنا کماری کے طور پر ہوئی ہے۔ واقعے کی معلومات دیتے ہوئے متوفیہ کے بھائی انیل پنڈت نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بہن کی شادی 2018 میں نندودیہ کے رہائشی سنتوش پنڈت کے ساتھ تمام رسم و رواج کے ساتھ کی تھی۔ اس دوران ارچنا نے دو بیٹیوں کو جنم دیا لیکن کچھ ماہ پہلے ہی ارچنا اور اس کے شوہر سنتوش کے درمیان کسی بات کو لے کر تکرار ہونے لگی تھی، جسے خاندانی سطح پر حل کر لیا گیا تھا۔
سسرال والوں پر خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام
متوفیہ کے بھائی نے الزام لگاتے ہوئے بتایا کہ سنتوش اور اس کے گھر والے اس کی بہن ارچنا کو کسی نہ کسی بات پر ہراساں کرتے تھے۔ بدھ کی صبح ارچنا کی نند نے فون کر کے اطلاع دی کہ ارچنا کی طبیعت کافی خراب ہے، جس کے بعد انہوں نے سنتوش کو فون کیا لیکن سنتوش کا موبائل سوئچ آف آ رہا تھا، جس کے بعد ارچنا کے مائیکے والے بغیر دیر کیے نندودیہ پہنچ گئے۔ انہوں نے دیکھا کہ ارچنا اپنے گھر کے اندر باتھ روم کے پاس مردہ حالت میں پڑی ہے۔
سسرال والوں پر خاتون کے قتل کا الزام
متوفیہ کے بھائی کا الزام ہے کہ میری بہن کے گلے میں پھندے کے نشانات موجود ہیں۔ متوفیہ کے مائیکے والوں کو شبہ ہے کہ ارچنا کے شوہر اور سسرال والوں نے مل کر قتل کیا ہے اور اسے باتھ روم کے باہر پھینک دیا ہوگا۔ ادھر واقعے کے بعد سے متوفیہ کا شوہر سنتوش اور سسرال والے موقع سے فرار ہیں۔
پولیس کے قبضے میں لاش
واقعے کی اطلاع ملتے ہی جے نگر تھانہ انچارج وکاس کمار جائے وقوعہ پر پہنچے اور لاش کو اپنے قبضے میں لیتے ہوئے اسے پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال بھیج دیا ہے۔ پولیس پورے معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔ متوفیہ کے مائیکے والوں کا مطالبہ ہے کہ پولیس جلد از جلد ملزم شوہر اور اس کے سسرال والوں کو گرفتار کرے۔جئے نگر تھانہ انچارج وکاس کمار نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی صحیح وجوہات کا پتہ چل سکے گا۔ فی الحال متوفیہ کے مائیکے والوں کی جانب سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ درخواست ملتے ہی قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
