ہومBiharبہار میں تعلیمی انقلاب: طلبہ کا ہجرت سے کنارہ

بہار میں تعلیمی انقلاب: طلبہ کا ہجرت سے کنارہ

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

اب ریاست میں ہی مل رہی ہے سستی اور معیاری تکنیکی تعلیم:نائب وزیر اعلی

پٹنہ، 29 اپریل: بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، وجے کمار چودھری نے پٹنہ کے ‘سنواد ککش ‘ میں منعقدہ ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران ریاست کے تعلیمی منظر نامے میں آنے والی بڑی تبدیلیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بہار اب تعلیمی میدان میں خود کفیل ہو رہا ہے اور دوسرے صوبوں میں تعلیم کے لیے جانے والے طلبہ کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت اب طلبہ کو اپنی ہی ریاست میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور روزگار کے بہترین مواقع میسر ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی شروع کردہ ترقیاتی پالیسیوں کو موجودہ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری پوری تندہی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بہار کا سرمایہ اور انسانی وسائل تعلیم کے لیے باہر چلے جاتے تھے، لیکن اب ہر ضلع میں انجینئرنگ اور پولی ٹیکنک کالجوں کے قیام سے یہ سلسلہ تھم گیا ہے۔ ‘سات نشچے ‘ اسکیم کے تحت بنائی گئی پالیسیوں کے نتائج اب سامنے آ رہے ہیں اور ہزاروں بچے ہر سال تکنیکی تعلیم مکمل کر کے معزز ملازمتیں حاصل کر رہے ہیں۔وجے کمار چودھری نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں اس شعبے کے بغیر زندگی ادھوری ہے۔ صبح سے رات تک کی انسانی سرگرمیوں میں سائنس کا عمل دخل اس قدر بڑھ چکا ہے کہ اس کے بغیر روزمرہ کے کاموں میں آسانی اور تیزی ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کالجوں میں ‘سینٹر آف ایکسی لینس ‘ قائم کیے گئے ہیں تاکہ تعلیمی معیار کو مزید بلند کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ، خواتین کو تعلیم اور ملازمتوں میں 33 فیصد ریزرویشن دے کر ریاست کو خواتین کی بااختیاری میں ملک کا صفِ اول کا صوبہ بنا دیا گیا ہے۔محکمہ کے سکریٹری لوکیش کمار سنگھ نے اس موقع پر اہم اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیمی سیشن 26-2025 کے لیے انجینئرنگ کالجوں میں 14,553 اور پولی ٹیکنک اداروں میں 17,243 نشستیں منظور کی گئی ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ حکومت نے فیس کو اس قدر معمولی رکھا ہے کہ غریب ترین طالب علم بھی بغیر کسی مالی بوجھ کے بی ٹیک کر سکتا ہے۔ انجینئرنگ کے لیے داخلہ فیس محض 10 روپے اور پولی ٹیکنک کے لیے صرف 5 روپے مقرر ہے۔ روزگار کے حوالے سے بھی حکومت کی کوششیں رنگ لا رہی ہیں۔
اور اب تک 15 ہزار سے زائد طلبہ نجی کمپنیوں میں ملازمتیں حاصل کر چکے ہیں۔ اس پریس کانفرنس میں ڈائریکٹر احمد محمود اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.