پانچ اضلاع میں ہوگی کارروائی؛ ان کی جگہ آٹھ منزلہ عمارتیں تعمیر کی جائیں گی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 26 اکتوبر:۔
جمشیدپور، دھنباد، ہزاری باغ، رانچی اور پلامو سمیت مختلف اضلاع میں ہاؤسنگ بورڈ کے تقریباً 5200 فلیٹ مسمار کیے جائیں گے۔ ان کی جگہ آٹھ منزلہ نئی عمارتیں تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ہاؤسنگ بورڈ کے چیئرمین سنجے لال پاسوان نے بتایا کہ انجینئروں کو آٹھ منزلہ عمارتوں کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جس پر چھٹھ پوجا کے بعد تیزی سے کام شروع ہوگا۔رانچی شہر کے بیریٹو، ہارمو اور ارگوڑا میں ہاؤسنگ بورڈ کی کئی عمارتیں انتہائی خستہ حال ہیں، جہاں کچھ لوگ قانونی اور بعض غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت ان عمارتوں کو منہدم کر کے جدید فلیٹ تعمیر کیے جائیں گے۔پاسوان نے بتایا کہ پہلے تین منزلہ عمارتوں کا ڈی پی آر تیار کیا گیا تھا، لیکن اسے مسترد کر کے آٹھ منزلہ تعمیرات کی منظوری دی گئی تاکہ کم رقبے میں زیادہ فلیٹ بن سکیں۔اس کے علاوہ پرانی اسمبلی کے قریب ساڑھے پانچ ایکڑ زمین پر بھی پلاٹنگ اور تعمیراتی منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے، جہاں فلیٹوں کی فروخت کا عمل بھی شروع ہوگا۔ یہ تمام سرگرمیاں چھٹھ پوجا کے بعد تیز رفتاری سے آگے بڑھیں گی۔



