نایاب بیماری میں مبتلا سب انسپکٹر کی بیٹی کو ملی نئی زندگی کی امید
جدید بھارت نیوز سروس
گریڈیہہ، 16 اپریل: گریڈیہہ ضلع میں تعینات سب انسپکٹر ابھیجیت کمار کی 14 ماہ کی بیٹی، وامیکا پٹیل کی زندگی بچانے کے لیے جھارکھنڈ حکومت نے ایک تاریخی اور انسانی ہمدردی پر مبنی قدم اٹھایا ہے۔ معصوم وامیکا ایک انتہائی نایاب اور مہلک بیماری ‘اسپائنل مسکولر ایٹروفی ‘ (SMA) میں مبتلا ہے، جس کے علاج کے لیے درکار انجکشن کی قیمت تقریباً 15 کروڑ روپے ہے۔ اتنی خطیر رقم کا بندوبست کرنا ایک سرکاری ملازم کے خاندان کے لیے ناممکن تھا، جسے مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی سربراہی میں منعقدہ ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں بچی کے علاج کے لیے 15 کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ بیماری بچوں کے پٹھوں کو رفتہ رفتہ کمزور کر دیتی ہے اور بروقت علاج نہ ملنے کی صورت میں جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کو نہ صرف انتظامی مستعدی بلکہ حساسیت کی ایک بڑی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے سے وامیکا کے اہل خانہ کو بڑی راحت ملی ہے جو طویل عرصے سے اپنی بچی کی زندگی کے لیے فکر مند تھے۔ طبی ماہرین کے مطابق اس نایاب بیماری کا علاج وقت پر ہونا نہایت ضروری ہے، ایسے میں حکومت کی اس پہل نے نہ صرف ایک خاندان کی امیدیں روشن کر دی ہیں بلکہ معاشرے میں یہ مثبت پیغام بھی دیا ہے کہ حکومت اپنے شہریوں کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑی ہے۔ اب سب کی دعائیں معصوم وامیکا کی جلد صحت یابی کے لیے لگی ہوئی ہیں۔



