
ایس کے وی نور نگر اسکول کی پرنسپل مدثر جہاںکا اظہار خیال
ایس کے وی نورنگر اسکول میں تقریری مقابلہ
نئی دہلی 18 جنوری (را ست)غالب اکیڈمی،نئی دہلی کے زیر اہتمام وزارت ثقافت حکومت ہند کے تعاون سے ایس کے وی نور نگر اوکھلا میں تقریری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اسکول کی پرنسپل محترمہ مدثر جہاں نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقابلے تو ہوتے رہتے ہیں کوئی اول آتا ہے ،کوئی دوم آتا ہے کوئی اچھا نہیں کرپاتا۔آگے بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کرنا چا ہیے اور اپنی پوزیشن کو برقرار رکھنا کمال کی بات ہے۔اس موقع پر انہوں نے ایس کے وی اسکول میں ہونے والے ثقافتی پروگراموں پر روشنی ڈالی اور طالبات کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پرڈاکٹر عقیل احمد نے کہا کہ آج کا دور مقابلے کا دور ہے جو آگے بڑھے گا وہ کامیاب ہوگا۔ تقریری مقابلے کی بہت اہمیت ہے ہر میدان میں تقریر کی ضرورت پڑتی ہے۔ تقریر سے اپنی بات خوبصورت انداز میں پیش کرنے کا سلیقہ آتا ہے۔ زندگی کے مختلف شعبہ ہائے میں تقریر کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایس کے وی نور نگر کی طالبات ادبی وثقافتی مقابلے میں حصہ لیتی ہیں۔ایسا یہاں کے اساتذہ کی دلچسپی اور توجہ کی وجہ سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس کے وی نور نگر کے اساتذہ خاص طور سے اردو پڑھانے والی استانیاں عظمیٰ ناز،اسما ء خاتون اور خاص طور پر پرنسپل مدثر جہاں قابل مبارکباد ہیں کہ انھوں نے طالبا ت کی اچھی تربیت کی ہے۔جس سے بچیوں میں خود اعتمادی پیدا ہوگئی ہے ۔اس وجہ سے انھیں اپنے خیالات کے اظہار میں مہارت حاصل ہو گئی ہے۔اس مقابلے میں ڈاکٹر تبسم شاداب نے بحیثیت جج شرکت کی۔غالب اکیڈمی کی جانب سے شرکت کرنے والی سبھی طالبات کو دیوان غالب کا نسخہ پیش کیا گیا۔ تقریری مقابلے میں اول آنے والی طالبہ عطیہ صدیقہ کو2000/-روپے،دوم آنے والی طالبات اسماء اور بشریٰ کو 1500/-روپے اور سوم آنے والی طالبہ حبا کو1000/-روپے کا اور 500/-روپے کے حوصلہ افزائی کے انعامات کا اعلان کیاگیا۔
