International

اسرائیل ‘سات اکتوبر‘ کی یاد کے موقع پر ایران پر حملہ کر سکتا ہے: امریکی عہدیدار

15views

اسرائیلی حملے کی صورت میں ایران گیس تنصیبات کو نشانہ بنائے گا: پاسداران انقلاب

واشنگٹن 05 اکتوبر (ایجنسی)امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئر ذمے دار کے مطابق اسرائیل نے بائیڈن انتظامیہ کو ایسی کوئی ضمانت پیش نہیں کی ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ یہ بات امریکی نیوز چینل CNN نے مذکورہ ذمے دار کے حوالے سے بتائی ہے۔امریکی ذمے دار کا مزید کہنا ہے کہ یہ جاننا مشکل ہے کہ آیا اسرائیل 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کا ایک سال پورا ہونے کا موقع ایران پر حملے کے لیے استعمال کرے گا۔اس سے قبل سابق صدر اور آئندہ انتخابات کے لیے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ اسرائیل کو چاہیے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے۔ انھوں نے امریکی صدر جو بائیڈن کی اس گفتگو پر نکتہ چینی کی جس میں بائیڈن نے کہا تھا کہ ایرانی جوہری پروگرام کو ہدف بنانے کے لیے متبادل اقدامات کی ضرورت ہے۔ایران کی تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی شکل میں اسرائیلی رد عمل کے حوالے سے بائیڈن کا کہنا تھا کہ “اسرائیل نے ابھی تک جوابی کارروائی کا فیصلہ نہیں کیا ہے”۔امریکی صدر نے باور کرایا تھا کہ اسرائیل کا حق ہے کہ وہ ایران اور اس کے ایجنٹوں مثلا حزب اللہ اور حوثیوں کی جانب سے خود پر ہونے والے کسی بھی حملے کے مقابل اپنا دفاع کرے۔ تاہم بائیڈن نے واضح کیا کہ اسرائیلی فوج کو شہریوں کے ساتھ معاملے میں زیادہ احتیاط برتنا چاہیے۔بائیڈن نے کہا کہ “میں اتنا جانتا ہوں کہ جو منصوبہ وضع کیا گیا ہے اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دنیا بھر میں ہمارے اتحادیوں کی غالب اکثریت کی حمایت حاصل ہے تا کہ اس بحران کو ختم کیا جا سکے”۔بائیڈن انتظامیہ اور اسرائیلی حکومت کے درمیان ایرانی حملے پر جوابی کارروائی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ بعض مبصرین کے نزدیک بائیڈن انتظامیہ تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے جب کہ وائٹ ہاؤس کے ذمے داران اپنی پوزیشن کا دفاع اس قول کے ساتھ کر رہے ہیں کہ واشنگٹن اور تل ابیب کے بیچ بڑی رابطہ کاری ہو رہی ہے۔غز کی پٹی میں جنگ کے آغاز کے بعد سے بائیڈن نے اس بات پر زور دیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان تعلقات ٹوٹ نہیں سکتے تاہم بائیڈن کے نیتن یاہو کے ساتھ تقریبا 50 برس جاری رہنے والا تعلق تیزی سے بگڑ رہا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق بائیڈن نے 21 اگست کے بعد نیتن یاہو سے بات چیت نہیں کی ہے۔ اسی طرح وائٹ ہاؤس گذشتہ ہفتوں کے دوران میں اسرائیل کے فیصلوں سے حیران ہو گیا ہے۔امریکی ذمے دارے کے مطابق انھیں اسرائیل کی جانب سے پیجر دھماکوں کا پیشگی علم نہیں ہوا۔ اسی طرح بیروت میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے بعد امریکی عہدے داران نے بتایا کہ اسرائیل نے انھیں اس حملے کے بارے میں اس وقت آگاہ کیا جب اس کے طیارے فضا میں تھے۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس این این نے جمعہ کو پاسدارانِ انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر علی فدوی کے حوالے سے بتایا کہ اگر اسرائیل نے حملہ کیا تو ایران اسرائیل کی توانائی اور گیس کی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔فدوی نے کہا، “اگر اسرائیل نے ایسی غلطی کی تو ہم ان کے توانائی کے تمام ذرائع، تنصیبات اور تمام ریفائنریوں اور گیس کے ذخائر کو نشانہ بنائیں گے۔”۔اسرائیل ایران کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے لیے تیل کے شعبے کو نشانہ بنانے کا ارادہ کر سکتا ہے۔ اسرائیلی متوقع حملہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بھی بن سکتا ہے اور اس کے اثرات امریکی انتخابات کے امیدواروں پر پڑ سکتے ہیں۔ یاد رہے امریکہ میں صدارتی الیکشن قریب آگئے ہیں اور پانچ نومبر کو الیکشن ہو رہے ہیں۔پینٹاگون کے ایک سابق اہلکار اور اب نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے مرکز برائے مشرق وسطی اور جنوبی ایشیا میں خلیجی پالیسی کے ماہر ڈیوڈ ڈیروچ نے کہا ہے کہ مجھے یقین نہیں ہے کہ یہ (تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ) اسرائیلیوں کو حملے سے روکے گا۔ اسرائیل تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے فائدے کے طور پر دیکھ سکتا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.