آئی پی ایل 2024: دہلی کیپٹلس نے ممبئی انڈینس سے لیا پچھلی شکست کا بدلہ، دلچسپ مقابلہ میں 10 رنوں سے ملی جیت
دہلی کیپٹلس نے آئی پی ایل 2024 کی شروعات بھلے ہی اچھی نہیں کی تھی، لیکن اب شاندار کارکردگی کے ساتھ جیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ آج اس نے ممبئی انڈینس کو انتہائی دلچسپ مقابلے میں 10 رنوں سے شکست دی اور ممبئی سے ملی پچھلی شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں خوب رن برسے اور گیندبازوں کی زبردست دھنائی ہوئی۔ جیک فریزر میک گرک کی 84 رنوں کی طوفانی اننگ کی بدولت دہلی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 257 رن بنائے تھے۔ اس کے جواب میں ممبئی تمام کوششوں کے باوجود 247 رن ہی بنا سکی اور 10 رنوں سے شکست ہاتھ لگی۔
آئی پی ایل 2024 میں جب سے دہلی نے 22 سالہ نوجوان آسٹریلیائی بلے باز جیک فریزر میک گرک کو میدان میں اتارا ہے، تب سے ٹیم کی بلے بازی ایک الگ ہی رنگ میں دکھائی دے رہی ہے۔ پہلی گیند سے ہی پوری طاقت سے حملہ کر رہے میک گرک نے ممبئی کا بھی کچھ اسی انداز میں استقبال کیا اور پہلے ہی اوور میں 19 رن بنا ڈالے۔ میک گرک نے بمراہ کی پہلی ہی گیند پر بھی چھکا لگا دیا جس نے سبھی کو حیران کر دیا۔ میک گرک کی طوفانی بلے بازی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ محض 15 گیندوں میں اس نے نصف سنچری مکمل کر لی۔ میک گرک 27 گیندوں میں 84 رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور اس وقت آٹھواں اوور چل رہا تھا اور دہلی کے 114 رن ہو چکے تھے۔ انھوں نے 11 چوکے اور 6 شاندار چھکے لگائے۔ دوسرے سلامی بلے باز ابھشیک پوریل نے 27 گیندوں پر 36 رنوں کی اننگ کھیلی۔ بعد میں آنے والے بلے بازوں شے ہوپ (17 گیندوں پر 41 رن)، کپتان رشبھ پنت (19 گیندوں پر 29 رن)، ٹرسٹن اسٹبس (25 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 48 رن) اور اکشر پٹیل (6 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 11 رن) نے بھی تیز بلے بازی کی اور ٹیم کو 20 اوورس میں 4 وکٹ کے نقصان پر 257 رن تک پہنچا دیا۔
ممبئی کے لیے رواں سیزن میں پچھلے کئی میچوں سے تیز طرار شروعات دینے والے روہت شرما اور ایشان کشن آج کے اہم میچ میں ناکام ثابت ہوئے۔ پاور پلے کے اندر ہی دونوں سلامی بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ سوریہ کمار یادو نے آتے ہی کچھ بہترین شاٹ ضرور لگائے، لیکن ایک بار پھر بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام ہو گئے۔ پاور پلے کے اندر ہی 3 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے جس میں سے 2 (روہت شرما اور سوریہ کمار یادو) کو تو خلیل احمد نے ہی آؤٹ کر دیا۔ ہاردک پانڈیا نے آج کے میچ میں کچھ کمال دکھانے کی کوشش کی، لیکن 24 گیندوں پر 46 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ نہال وڈھیرا نے انتہائی مایوس کیا، لیکن ٹم ڈیوڈ نے 17 گیندوں پر 37 رن کی تیز طرار اننگ کھیل کر ممبئی کی امیدیں قائم رکھیں۔ دوسری طرف تلک ورما بھی تیزی سے رن بنا رہے تھے اور وہ آخری اوور کی پہلی گیند پر 63 (32 گیندیں) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آخری اوور میں جیت کے لیے 25 رنوں کی ضرورت تھی اور تلک ورما کے آؤٹ ہونے سے ممبئی کی امیدیں بھی تقریباً ختم ہو گئیں۔ حالانکہ آخری اوور میں بھی کچھ بڑے شاٹس لگے، لیکن ٹیم 247 رن ہی بنا سکی۔
ممبئی کو جیت کے لیے ضروری ہدف سے پیچھے رکھنے میں مکیش کمار اور راسخ سلام کا بہت اہم کردار رہا۔ مکیش کمار نے 4 اوورس میں 59 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ راسخ سلام نے 4 اوورس میں 34 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ راسخ تو سب سے کفایتی گیندباز بھی ثابت ہوئے۔ میک گرک کو ان کی طوفانی بلے بازی کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔