ہومInternationalایران میں جنگ 36ویں روز بھی جاری، تہران و دیگر علاقوں میں...

ایران میں جنگ 36ویں روز بھی جاری، تہران و دیگر علاقوں میں دھماکے

تہران، 4 اپریل (یواین آئی) ایران میں جاری جنگ 36ویں روز بھی شدت اختیار کیے ہوئے ہے، جہاں دارالحکومت تہران سمیت مختلف علاقوں میں دھماکوں اور جنگی طیاروں کی پروازوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران تہران کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ فضاؤں میں جنگی طیاروں کی شدید نقل و حرکت دیکھی گئی۔خبر رساں ایجنسی “فارس” کے مطابق اہواز کے علاقے ماہ شہر میں پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے۔ ایک ایرانی عہدے دار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس حملے میں جانی نقصان بھی ہوا ہے۔ماہ شہر پیٹروکیمیکل فاؤنڈیشن کے مطابق چار کمپنیوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد صنعتی یونٹس کو خالی کرا لیا گیا، تاہم ماحولیاتی آلودگی کا کوئی خطرہ نہیں بتایا گیا۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تہران میں دفاعی مراکز، اسلحہ سازی کے یونٹس اور تحقیقی مراکز کو نشانہ بنایا ہے اور ایرانی نظام کی صلاحیتوں کو مسلسل نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق کریات شمونہ میں میزائل کے ٹکڑے گرنے سے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔مزید اطلاعات کے مطابق تہران کے شمالی پہاڑی علاقوں، صوبہ آذربائیجان غربی اور اہواز کے جنوب مشرق میں واقع شہر عبادان میں بھی دھماکے ہوئے ہیں۔امریکی ادارے “انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار” کے مطابق تہران کی بہشتی یونیورسٹی میں ایٹمی تحقیقی مرکز، صوبہ سیستان و بلوچستان میں ایرانی فوج کے دسویں اڈے اور اصفہان میں پاسداران انقلاب کے اسلحہ خانے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔امریکی اخبار “نیویارک ٹائمز” نے حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ آبنائے ہرمز کے قریب امریکی فضائیہ کا ایک اور A-10 جنگی طیارہ تباہ ہو گیا، تاہم اس کے پائلٹ کو بچا لیا گیا ہے۔اسی طرح “سی بی ایس نیوز” کے مطابق ایران میں گرنے والے پہلے طیارے کے عملے کے ایک رکن کو امریکی اسپیشل فورسز نے تلاش کر لیا ہے اور وہ زیر علاج ہے، جبکہ دوسرے پائلٹ کی تلاش جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے تلاش کی کارروائیوں میں مدد کے لیے ایران کے اندر بعض حملے منسوخ بھی کیے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی بی ایس سے گفتگو میں کہا کہ طیارہ گرنے کے واقعات جنگ بندی مذاکرات کو متاثر نہیں کریں گے اور ایسے واقعات حالتِ جنگ میں معمول کا حصہ ہوتے ہیں۔مذاکرات کے حوالے سے امریکی اخبار “وال اسٹریٹ جرنل” نے رپورٹ کیا ہے کہ قطر نے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کا مرکزی کردار ادا کرنے سے معذرت کر لی ہے، جبکہ پاکستان کی قیادت میں جاری علاقائی سفارتی کوششیں بھی تعطل کا شکار ہو گئی ہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات