ٹرمپ کا2026 کے جی-20 اجلاس میں جنوبی افریقہ کو نہ بلانے کا اعلان
واشنگٹن، 27 نومبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز کہا کہ امریکہ آئندہ سال میامی میں ہونے والے جی-20 اجلاس میں جنوبی افریقہ کو مدعو نہیں کرے گا، جس سے واشنگٹن اور پریٹوریا کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔جنوبی افریقہ کو ایک ایسی ریاست قرار دیتے ہوئے جو “کہیں کی رکنیت کے قابل نہیں”، ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ اس سال کے عالمی اجلاس میں امریکی حکومتی نمائندے کے ساتھ کیے گئے سلوک کے باعث اس ملک کو دی جانے والی تمام ادائیگیاں اور سبسڈیاں بند کردیں گے۔ امریکی صدر یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکہ نے جوہانسبرگ میں منعقدہ تازہ ترین جی-20 اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا، حالانکہ وہ جی۔20 کا بانی رکن اور دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے۔جی ۔20 سربراہ اجلاس غیر متوقع سفارتی تنازع پر ختم ہوا جب میزبان ملک جنوبی افریقہ نے جی۔20 کی روایتی گیول تقریب میں باری کے اعتبار سے امریکہ کو باضابطہ طور پر منتقل کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے پروٹوکول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ گیول کسی “جونیئر” امریکی نمائندے کو نہیں دیا جاسکتا۔امریکہ 2026 میں جی-20 کی صدارت سنبھالنے والا ہے۔ایک وائٹ ہاؤس اہلکار نے مبینہ طور پر صدر سیرل راما فوسا کو خبردار کیا کہ وہ امریکہ اور صدر ٹرمپ کے بارے میں “غیر ضروری باتیں” کرنے سے باز رہیں۔ جنوبی افریقہ کا کہنا تھا کہ چونکہ واشنگٹن نے سربراہ اجلاس میں کم درجے کے سفارتی اہلکار کو بھیجا، اس لیے گیول حوالے کرنے کی تقریب میں بھی انہیں اسی درجے کے نمائندے کو پیش کرنا تھا۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جنوبی افریقہ میں امریکی وفد نہ بھیجنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہاں سفید فام افریکانرز کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مئی میں ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صدر راما فوسا کے ساتھ ہونے والی ایک کشیدہ ملاقات میں سفید فام نسل کشی اور زمین پر قبضے کے دعووں کا ذکر کیا تھا — جنہیں بڑے پیمانے پر متنازع اور شکوک و شبہات سے بھرپور قرار دیا جاتا ہے۔جنوبی افریقہ نے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ دہائیوں سے نسل پرستی کے نظام سے گزرنے والا ملک ایسے الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔سوشل میڈیا پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے اس ہفتے کے اختتام پر ہونے والے اجلاس کے اختتام پر امریکی سفارتخانے کے سینئر اہلکار کو جی-20 کی ذمہ داریاں سونپنے سے انکار کردیا۔ٹرمپ نے “ٹروتھ سوشل” پر لکھا ‘لہٰذا، میری ہدایت پر، جنوبی افریقہ کو 2026 کے جی 20 اجلاس، جو اگلے سال میامی، فلوریڈا کے عظیم شہر میں منعقد ہوگا، کی دعوت نہیں دی جائے گی۔انہوٓں نے مزید کہا ‘جنوبی افریقہ نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ وہ کہیں کی رکنیت کے قابل ملک نہیں اور ہم اس ملک کو دی جانے والی تمام ادائیگیوں اور سبسڈیوں کو فوری طور پر روک رہے ہیں۔روایت کے مطابق، میزبان ملک لکڑی کا علامتی گیول اگلے صدر ملک کو پیش کرتا ہے۔ امریکہ نے اپنے سفارت خانے کے ایک نمائندے کو بھیجنے کا ارادہ کیا تھا لیکن جنوبی افریقہ نے انکار کردیا۔ یہ کہتے ہوئے کہ صدر راما فوسا کے لیے کسی جونیئر اہلکار کو گیول دینا توہین آمیز ہوتا۔



