Saturday, December 6, 2025
ہومInternationalاسرائیل پر ایران کا 100 میزائلوں سے اب تک کا سب سے...

اسرائیل پر ایران کا 100 میزائلوں سے اب تک کا سب سے بڑا حملہ

8 اسرائیلی ہلاک، 300 زخمی

تہران، 16 جون (یو این آئی): اسرائیل کی جانب سے دن بھر تہران پر حملوں کے بعد ایران نے پورے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کر دی جب کہ صبح صادق کے وقت ایران کی جانب سے اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا گیا جس کے بعد تل ابیب، مقبوضہ بیت المقدس اور حیفہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ایرانی میزائل حملے کے بعد حیفہ پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی، ایرانی حملوں میں کم ازکم 8 اسرائیلی ہلاک اور تقریباً زخمی ہوگئے۔ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر پھر میزائلوں کی برسات کردی، ایران نے اسرائیل میں تقریبا 100 میزائل داغے، حیفہ، تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ایرانی میزائل حملے سے اسرائیلی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، صہیونی فوج نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی جب کہ حیفہ میں پاور پلانٹ کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا جس سے آگ بھڑک اٹھی۔اسرائیلی میڈیا نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ قرار دے دیا جب کہ اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ایک بار پھر ناکام رہا، حیفہ اور تل ابیب میں نئے میزائل حملوں سے بھی جانی نقصان ہوا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق تازہ ترین حملوں کے نتیجے میں جنوبی اسرائیل میں کم از کم 8 اسرائیلی ہلاک اور تقریباً 300 زخمی ہوگئے جبکہ حیفہ میں آگ لگی ہوئی ہے، وہاں بھی کچھ شہری زخمی ہوئے ہیں جب کہ شمالی اسرائیل میں بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق حیفہ کے میئر یونا یاہاؤ نے تصدیق کی ہے کہ شہر میں ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔میئر یونا یاہاؤ نے چینل 12 نیوز کو بتایا کہ یہ تینوں افراد ایک ایسی تنصیب میں کام کر رہے تھے جو ہمارے لیے علاقے میں بہت اہم ہے، لیکن ہم خوش ہوں گے اگر یہ بند ہو کر یہاں سے چلی جائے۔انہوں نے ان ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا، جن کے بعد اتوار کی شب ہونے والے حملوں میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 8 ہو گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق امدادی کارکن کئی گھنٹوں تک ان تین لاپتہ افراد تک پہنچنے کی کوشش کرتے رہے، جو شمالی شہر پر حملے کے دوران ملبے تلے دب گئے تھے۔میئر یونا یاہاؤ کے مطابق شہر میں کئی مکانات اور دیگر عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، تاہم صرف چار افراد کو معمولی زخموں کے ساتھ اسپتال منتقل کیا گیا۔میگن ڈیوڈ ایڈم ریسکیو سروس کے مطابق 4 اموات پیتہ تیکوا کے علاقے میں ہوئیں جبکہ ایک شخص بنی براک میں مارا گیا، جہاں میزائل نے ایک رہائشی علاقے میں وسیع پیمانے پر تباہی مچائی۔ریسکیو سروس کا کہنا ہے کہ 92 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں زیادہ تر معمولی زخمی ہیں، حملے میں تباہ ہونے والے مقامات میں سے دو پر تاحال امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ٹائمز آف اسرائیل کاکہنا ہے کہ آرمی ریڈیو کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق پیتہ تیکوا میں ہلاک ہونے والے 4 میں سے 2 افراد اپنے گھروں کے محفوظ کمروں میں مارے گئے۔رپورٹ کے مطابق دھماکہ خیز مواد کی بھاری مقدار سے لدا میزائل 2 مضبوط کمروں کے درمیان دیوار سے ٹکرایا اور دھماکے کی شدت ان کمروں کے لیے ناقابلِ برداشت ثابت ہوئی۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اپارٹمنٹس میں بنے یہ مضبوط کمرے حملے کی صورت میں حفاظتی جگہ کے طور پر استعمال کیے جا سکتے ہیں، تاہم یہ زیادہ تر دھات کے ٹکڑوں سے بچاؤ کے لیے بنائے گئے ہیں، یہ عام پبلک شیلٹرز میں استعمال ہونے والے زیرِ زمین بنکروں کی طرح نہیں ہوتے اور بھاری دھماکوں کے براہِ راست اثر کو روکنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔حکام کے مطابق اب تک ایرانی میزائل حملوں میں انہی مضبوط کمروں نے بے شمار جانیں بچائی ہیں۔اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ شب مجموعی طور پر 287 افراد اسپتالوں میں داخل کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے، جب کہ 14 افراد کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں، باقی زیادہ تر افراد کو معمولی چوٹیں آئیں یا شدید ذہنی صدمے کا سامنا ہوا۔وزارت صحت نے بنی براک کے معیانی ہیشوعہ ہسپتال منتقل کیے گئے 15 افراد کی حالت کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔ تل ابیب کے مشرق میں واقع اس قصبے پر گزشتہ رات ایک میزائل حملہ ہوا تھا، جس میں ایک شخص جان سے گیا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق تازہ ہلاکتوں میں کے بعد 2 روز کے دوران ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد 21 تک جاپہنچی ہے جبکہ ایران پر اسرائیل کے حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی شہریوں کی تعداد 224 تک جاپہنچی ہے جبکہ 1277 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کے بعد وسطی اسرائیل کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا جب کہ تل ابیب میں ایرانی میزائلوں نے متعدد اہداف کو براہ راست نشانہ بنایا۔دوسری جانب، اسرائیل کی جانب سے بھی ایران پر میزائل حملوں کا سلسلہ جاری ہے، صہیونی ریاست نے تہران، مشہد، اصفہان سمیت مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے جب کہ اسرائیل نے ایران کی فورڈو جوہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق مختلف شہروں پر اسرائیل کے حملوں میں جاں بحق ہونے والوں میں 90 فیصد شہری شامل ہیں جب کہ تہران میں اسرائیلی حملوں میں معصوم اور نومولود بچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔ایران نے بتایا کہ اسرائیل نے ایرانی وزارتِ خارجہ کی عمارت پر جان بوجھ کر حملہ کیا جس میں کئی شہری زخمی ہوئے۔ایرانی نائب وزیر خارجہ نے ویڈیوجاری کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت خارجہ کی عمارت میں قائم لائبرئیری کی کھڑکیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات