Wednesday, December 17, 2025
ہومInternationalہند۔متحدہ عرب امارات نے تزویراتی تعلقات کو فروغ دیا

ہند۔متحدہ عرب امارات نے تزویراتی تعلقات کو فروغ دیا

وزیر خارجہ جے شنکر کا تین روزہ دورۂ ابو ظہبی اختتام پذیر

ابو ظہبی، 16 دسمبر، ایم این این۔وزیر برائے امور خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا 13 سے 15 دسمبر 2025 تک کا سرکاری دورہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ اس دورے کا اختتام اعلیٰ سطحی بات چیت پر ہوا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنا تھا۔دورے کی مرکزی سرگرمیاں 16ویں ہند-یو اے ای مشترکہ کمیشن میٹنگ اور ہند-یو اے ای تزویراتی ڈائیلاگ کا 5واں دور تھیں، جو 15 دسمبر کو منعقد ہوئے۔ ای اے ایم جے شنکر نے اپنے ہم منصب، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر برائے امور خارجہ، ہز ہائی نس شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ ان اجلاسوں کی مشترکہ صدارت کی۔مشترکہ کمیشن میٹنگ اور تزویراتی ڈائیلاگ نے دو طرفہ تعلقات کے پورے دائرے کا ایک جامع جائزہ لینے کا موقع فراہم کیا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، رابطے ، دفاع، سلامتی، ترقیاتی شراکت داری، ٹیکنالوجی، صحت، ثقافت، تعلیم اور عوام سے عوام کے تعلقات جیسے اہم شعبے شامل تھے۔ دونوں رہنماؤں نے شراکت داری کی گہرائی اور وسعت پر اطمینان کا اظہار کیا اور آئندہ سال کے لیے ترجیحی شعبوں میں مزید گہرے تعاون کو یقینی بنانے کے لیے نئے اقدامات اور عمل پر مبنی ایجنڈے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور، بشمول مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر بھی وسیع تبادلہ خیال کیا، اور علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے اور اس کی حفاظت میں اپنی مشترکہ دلچسپی کی توثیق کی۔ انہوں نے عالمی سطح پر تعاون اور ہم آہنگی کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اہم بات یہ ہے کہ انہوں نے انڈیا-مشرقی وسطیٰ-یورپ اقتصادی راہداری کے نفاذ کے عزم کا اعادہ کیا اور گلوبل ساؤتھ کے مفاد کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔ مزید برآں، ہز ہائی نس شیخ عبداللہ نے فروری 2026 میں منعقد ہونے والی ہندوستان کی ‘ اے آئی امپیکٹ سمٹ’ کے ساتھ ساتھ 2026 میں برکس کی ہندوستان کی صدارت کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت کا اظہار کیا۔دورے کے دورا ن وزیر خارجہ جے شنکر نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور نائب وزیر اعظم ہز ہائی نیس شیخ منصور بن زاید النہیان سے بھی ملاقات کی اور مبادلہ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او مسٹر خالدون مبارک سے بھی بات چیت کی۔ ان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں نے قیادت کے مشترکہ وژن کی توثیق کی تاکہ تزویراتی اعتماد کو گہرا کیا جا سکے، اقتصادی تعاون کو وسعت دی جا سکے، اور دو طرفہ و سہ فریقی تعاون کے لیے نئے شعبوں کو تلاش کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ، وزیر خارجہ نے 13 سے 14 دسمبر تک منعقد ہونے والے سر بنی یاس فورم میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے دنیا کو درپیش اہم جیو پولیٹیکل، سلامتی اور تکنیکی چیلنجوں پر بین الاقوامی رہنماؤں اور ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات