ہومInternationalچین کا حیران کن کارنامہ، 905 میٹر لمبی ’فضائی سیڑھی‘ سے گھنٹوں...

چین کا حیران کن کارنامہ، 905 میٹر لمبی ’فضائی سیڑھی‘ سے گھنٹوں کا سفر منٹوں میں تبدیل

بیجنگ/چونگ چنگ، 26 مارچ (یو این آئی) چین نے اپنی ٹیکنالوجی سے ایک بار پھر منفرد کارنامہ انجام دیتے ہوئے مشکل سفر آسان بنا دیا ہے اور دنیا کی طویل ترین برقی سیڑھی (ایسکلیٹر)نصب کر کے گھنٹوں کا سفر منٹوں میں بدل دیا۔چین نے ایک حیران کن انفرااسٹرکچر منصوبہ مکمل کرتے ہوئے پہاڑ کے درمیان 905 میٹر طویل دنیا کا طویل ترین آؤٹ ڈور ایسکلیٹر سسٹم تیار کر لیا ہے، جس نے دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ یہ جدید ’’ووشان گاڈیس ایسکلیٹر‘‘ چین کے پہاڑی شہر چونگ چنگ کے ضلع ووشان میں تعمیر کیا گیا ہے، جہاں دشوار گزار راستوں کی وجہ سے سفر ہمیشہ ایک بڑا چیلنج رہا ہے۔ یہ منفرد نظام محض ایک ایسکلیٹر نہیں بلکہ ایک مکمل عمودی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک ہے، جس میں 21 ایسکلیٹرز، 8 لفٹس، 4 موونگ واک ویز، 2 پیدل پل اور 2 کراس لائن راستے شامل ہیں، جو پہاڑ کے مختلف حصوں کو آپس میں جوڑتے ہیں۔ اس برقی سیڑھی (ایسکلیٹر) کی کل لمبائی 905 میٹر جب کہ عمودی بلندی 240 سے 242 میٹر تک ہے، جو تقریباً 80 منزلہ عمارت کے برابر بنتی ہے۔اس منصوبے سے ایک گھنٹے میں طے ہونے والا راستہ اب صرف 20 منٹ کا ہوگیا ہے۔ یہ منصوبہ کئی دہائیوں پر محیط منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، جس کا ابتدائی تصور 2002 میں سامنے آیا تھا، تاہم مالی اور تکنیکی مسائل کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا۔ بعد ازاں 2022 میں بڑھتی ہوئی ٹریفک اور شہری ضروریات کے پیش نظر اس منصوبے کو دوبارہ شروع کیا گیا۔ ماہرین نے اس کے لیے مختلف آپشنز جیسے کیبل کار، ریل سسٹم اور سیاحتی ٹرینز پر غور کیا، لیکن آخرکار ایسکلیٹر سسٹم کو اس لیے منتخب کیا گیا کیوں کہ یہ زیادہ محفوظ، کم لاگت، زیادہ گنجائش اور پہاڑی ڈھانچے کے مطابق بہتر حل تھا۔اس منصوبے کی تعمیر کے دوران انجینئرز کو شدید جغرافیائی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، جن میں 35 فی صد اوسط ڈھلوان، بعض مقامات پر 60 فی صد تک ڈھلوان، زیر زمین پائپ لائنز اور گھنی آبادی شامل تھی۔ ان مشکلات سے نمٹنے کے لیے ’’تھری ڈی اسٹرکچر‘‘ ڈیزائن اپنایا گیا، جس کے تحت کئی حصوں کو زمین سے بلند کر کے بنایا گیا تاکہ جگہ کی بچت ہو اور شہری ڈھانچے کو نقصان نہ پہنچے۔ ایسکلیٹر کے ساتھ شیشے کی دیواریں بھی نصب کی گئی ہیں تاکہ مسافر سفر کے دوران پہاڑوں اور دریائے یانگ زی کے دلکش مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں، جب کہ راستے میں 3 ویونگ پلیٹ فارمز اور 360 ڈگری ویو پوائنٹ بھی شامل کیے گئے ہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات