لندن، 13 مئی (یواین آئی) برطانیہ نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لیے قائم بین الاقوامی فوجی مشن میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جس کے تحت برطانوی افواج خطے میں بحری اور فضائی معاونت فراہم کریں گی۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ اس مشن کے لیے ڈرونز، جنگی بحری جہاز اور یورو فائٹر ٹائفون طیارے فراہم کرے گا۔ آبنائے ہرمز میں عالمی تجارتی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے تقریباً 40 ممالک پر مشتمل اتحاد پہلے ہی قائم ہے۔برطانوی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ مشن مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہوگا اور اس کا مقصد عالمی بحری تجارت اور توانائی کی ترسیل کو محفوظ بنانا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق دنیا بھر میں تیل اور گیس کی تقریباً 20 فیصد ترسیل آبنائے ہرمز کے راستے ہوتی ہے، جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے کی صورتحال غیر یقینی ہو چکی ہے۔رپورٹس کے مطابق برطانیہ نے اس مشن کے لیے 115 ملین پاؤنڈ کی اضافی فنڈنگ بھی مختص کی ہے تاکہ بحری سلامتی کے اقدامات مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔برطانوی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ مشن میں جدید ڈرون کشتیاں اور بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے والے خصوصی نظام استعمال کیے جائیں گے، جبکہ ایک برطانوی جنگی جہاز کو مشرقِ وسطیٰ میں تعینات کیے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق عالمی بحری تجارت کے تحفظ کے لیے اس فوجی اتحاد کی کارروائیاں جلد شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
آبنائے ہرمز کے تحفظ کے لیے برطانیہ بین الاقوامی فوجی مشن میں شامل
مقالات ذات صلة
