دارالہدیٰ کے طلبہ نے جیت کا پرچم لہرایا
مسقط (عمان): قطر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام اور سلطنتِ عمان کی وزارتِ ثقافت و کھیل کے اشتراک سے مسقط میں منعقدہ تیسری ایشین عربی ڈیبیٹ چیمپئن شپ میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والی جامعہ دارالہدیٰ اسلامیہ کی ٹیم نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے فاتح کا اعزاز اپنے نام کیا۔ دارالہدیٰ کی ٹیم نےبروز سنيچر فائنل میں انڈونیشیا کی شند یکیا مسلم یونیورسٹی کو شکست دے کر تاریخ رقم کی۔سیمی فائنل میں دارالہدیٰ کے مدمقابل پاکستان کی بنوریہ یونیورسٹی کی ٹیم تھی، جسے شکست دے کر دارالہدیٰ نے فائنل میں جگہ بنائی۔ لبنان، قطر کی لوسیل یونیورسٹی، تھائی لینڈ، عمان اور ملیشیا جیسے ممالک کی ٹیموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دارالہدیٰ کی ٹیم نے نان عرب کیٹیگری میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ٹیم کے اراکین فہمید خان اورمحمد شکیب کو “بہترین مقرر” (Best Debaters) کے طور پر منتخب کیا گیا۔اٹھارہ ممالک کی تقریباً چالیس ٹیموں نے اس مقابلے میں حصہ لیا۔ ہندوستان کی نمائندگی دارالہدیٰ کی دو ٹیموں نے کی۔ جامعہ دارالہدیٰ کے ڈگری کے آخری سال کے طلبہ فہمید خان، محمد شکیب، عبدالمہیمن اور محمد نے مرکزی ٹیم کے طور پر حصہ لیا۔ دارالہدیٰ کی ہی ایک دوسری شاخ سبیل الہدٰی عربک کالج کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈگری طلبہ رفاعت، مدثر سنان، تنصیح اور لبیب نے بھی چیمپئن شپ میں حصہ لیا۔یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ دار الہدیٰ کے طلبہ نہ صرف علم و ادب کے میدان میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی قابلیت و مہارت سے امت کا سر فخر سے بلند کر رہے ہیں۔
رپورٹ:عبید انصاری ہدوی، ملپرم، کیرالا



