ایرانی فوج کا جوابی کارروائیوں میں
560 امریکی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ
کویت اور بحرین میں امریکی فوج کے اڈوں پر حملے کیے گئے
3 امریکی اور برطانوی آئل ٹینکرز کو بھی نشانہ بنایا گیا
تہران02 مارچ (ایجنسی) ایران کی فوج نے جوابی کارروائیوں میں 560 امریکی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ کردیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران کے جوابی حملوں میں اب تک 560 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، کویت اور بحرین میں امریکی فوج کے اڈوں پر حملے کیے گئے، 3 امریکی اور برطانوی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا، جس کے نتجے میں ٹینکرز خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں جل رہے ہیں، اس کے علاوہ ایرانی فورسز نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی ایئر کرافٹ کیریئر یو ایس ایس ابراہم لنکن پر بھی بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا، امریکی بحری بیڑے کو 4 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ایرانی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ بمباری کے جواب میں چھٹے مرحلے کے حملے شروع کر دیئے گئے ہیں، اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر وسیع پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، 27 امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیل کے تل نوف ایئربیس، تل ابیب میں واقع اسرائیلی فوج کے کمانڈ ہیڈکوارٹرز ہاکیریا اور اسی شہر میں ایک بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس پر بھی حملے کیے گئے، ایرانی افواج انتقام کا ایک مختلف اور سخت قدم اٹھائیں گی اور پے در پے تھپڑ رسید کرے گی۔دوسری طرف امریکی فوج نے ایک اور بیان میں کہا کہ اس نے ایران کا ایک جنگی جہاز تباہ کردیا ہے اور ایرانی فوج سے ہتھیار ڈالنے کا بھی مطالبہ کیا، ایران پر حملوں کی نگرانی کرنے والے امریکی سینٹرل کمانڈ نے بیان میں کہا کہ چاہ بہار پر خلیج عمان میں ایرانی جنگی جہاز کو ڈبودیا ہے، جیسا صدر ٹرمپ نے کہا تھا ایرانی مسلح افواج کے اہلکاروں، پاسداران انقلاب اور پولیس اہلکار اپنے ہتھیار چھوڑ دیں اور جنگی جہاز سے دستبردار ہوں۔
امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران کی جانب سے جاری ردعمل میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے جانے کے دوران ابوظہبی، دبئی، دوحہ میں پھر سے زورداردھماکے سنائی دیئے جب کہ امریکی ایف 15 لڑاکا طیارہ کویت میں گر کر تباہ ہوگیا۔ عرب میڈیا کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں 6 زور دار دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، دھماکوں کی نوعیت اور ممکنہ نقصانات سے متعلق فوری طور پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، سیکیورٹی اداروں نے صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے تاہم مختلف علاقوں میں اچانک دھماکوں سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔بتایا گیا ہے کہ کویت میں امریکہ کا ایف 15 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، طیارہ معمول کی پرواز پر تھا کہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہوا، اڑان کے دوران طیارے میں آگ لگی دکھائی دی جس کے بعد وہ زمین سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا، تاہم طیارہ زمین سے ٹکرانے سے چند لمحے قبل پائلٹ بحفاظت ایجیکٹ کرتا نظر آیا، حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں جن کے تعین کیلئے متعلقہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔بتایا جارہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر حکام نے ہنگامی اقدامات کیے ہیں، اس سلسلے میں نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ صورت حال مکمل کنٹرول میں ہے، عوام کی سلامتی اولین ترجیح ہے، تمام متعلقہ ادارے چوبیس گھنٹے نگرانی کر رہے ہیں، قومی سطح پر مربوط حکمت عملی کے تحت حفاظتی اقدامات جاری ہیں، شہری پرسکون رہیں، گھروں کے اندر یا محفوظ مقامات پر قیام کریں اور صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔وزارتِ داخلہ نے ہنگامی الرٹ جاری میں واضح ہدایات دی ہیں کہ اگر میزائل حملے کی وارننگ یا سائرن سنائی دے تو فوری طور پر قریبی محفوظ عمارت میں پناہ لی جائے، کھڑکیوں، دروازوں اور کھلے مقامات سے دور رہا جائے اور مزید ہدایات کا انتظار کیا جائے، گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں اور باہر نکلنے سے گریز کریں، میزائلوں کے ملبے یا دھات کے ٹکڑے زمین پر گر سکتے ہیں، کسی بھی مشکوک شے یا ملبے کو ہاتھ نہ لگایا جائے اور فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔
یو این آئی کی اطلا ع کے مطابق کویتی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ کویت میں متعدد امریکی طیارے گر کر تباہ ہوگئے ہیں۔وزارت دفاع کے مطابق گرنے والے امریکی طیاروں کا عملہ محفوظ رہا، اسرائیلی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ایف 15 جیٹ غلط شناخت کی وجہ سے اپنے ہی حملے میں مار گرایا گیا۔قبل ازیں اتوار کو سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں کویت میں ایک امریکی ایف ففٹین لڑاکا طیارے کو آسمان سے علی السالم بیس کے قریب گرتے دکھایا گیا تھا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پائلٹ نے بروقت طیارے سے ایجیکٹ کر لیا تھا، بتایا جا رہا تھا کہ یہ طیارہ فرینڈلی فائر کا نشانہ بنا، تاہم ابھی تک اس حوالے سے امریکی سینٹرل کمانڈ یا پینٹاگون کی جانب سے سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔بحرین میں امریکی شہریوں کے لیے امریکی سفارتخانے نے وارننگ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ منامہ کے ہوٹلز سے دور رہیں، کیوں کہ بحرین میں امریکی شہریوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔



