Tuesday, December 23, 2025
ہومInternationalامریکہ ، پاکستان کے ایف 16 طیاروں کو جدید تر بنا ئے...

امریکہ ، پاکستان کے ایف 16 طیاروں کو جدید تر بنا ئے گا

68 کروڑ ڈالر کے اپ گریڈ پیکج کی منظوری: قانونی نوٹیفکیشن کلیئر

واشنگٹن، 23 دسمبر (یو این آئی) پاکستان کے ایف 16 لڑاکا طیاروں کے بیڑے کے لیے 68 کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کے امریکی فوجی اپ گریڈ پیکج کو امریکی کانگریس کے قانونی نوٹیفکیشن کے تحت کلیئر کردیا گیا ہے۔ایف 16 لڑاکا طیارے بنانے والی امریکی ایئرواسپیس اور دفاعی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کو مجوزہ فروخت کے لیے مرکزی کنٹریکٹر نامزد کیا گیا ہے جو طویل عرصے سے بین الاقوامی صارفین کے لیے ان طیاروں کے ڈیزائن، اپ گریڈ اور دیکھ بھال کے پروگرامز کی ذمہ دار رہی ہے۔یہ فروخت آرمز ایکسپورٹ کنٹرول ایکٹ اور سالانہ مالی قوانین کے تحت فراہم کردہ موجودہ اختیارات کے تحت عمل میں لائی گئی۔ان قوانین کے مطابق جب کانگریس کو باضابطہ طور پر مطلع کر دیا جائے اور مقررہ مدت میں کوئی اعتراض نہ ہو تو انتظامیہ فنڈز جاری اور خرچ کرسکتی ہے۔ڈیفینس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے پاکستان کی جانب سے 68.6 کروڑ ڈالر کی فارن ملٹری سیل کی درخواست کی منظوری دی، جس میں ایف 16 ہارڈویئر، سافٹ ویئر اپ گریڈز اور دیکھ بھال کی معاونت شامل ہے اور اس فیصلے سے امریکی کانگریس کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا۔امریکی قانون کے تحت اس منظوری کا مطلب یہ نہیں کہ کانگریس کی نگرانی کو نظرانداز کیا گیا۔ ڈی ایس سی اے کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد کانگریس کو لازمی 30 روزہ جائزہ مدت دی جاتی ہے، جس دوران اراکین اعتراض اٹھاسکتے ہیں یا لین دین روکنے کے لیے قرارداد پیش کرسکتے ہیں۔اگر اس مدت میں کوئی اعتراض نہ ہو، جو عموماً معمول کی بات ہے، تو فروخت کو کانگریس کی منظوری حاصل تصور کیا جاتا ہے۔ علیحدہ ووٹنگ صرف اسی صورت میں ہوتی ہے جب کانگریس مداخلت کا فیصلہ کرے۔یہ طریقہ کار امریکی اسلحہ منتقلی کے قانونی فریم ورک کا حصہ ہے۔ ڈی ایس سی اے کو فارن ملٹری سیلز اور فارن ملٹری فنانسنگ جیسے طریقہ کار کے ذریعے اس نوعیت کے لین دین کا اختیار حاصل ہے۔گزشتہ ہفتے کانگریس کی ویب سائٹ پر شائع نوٹیفکیشن کے مطابق مجوزہ فروخت کا مقصد پاکستان کے بلاک 52 اور مڈ لائف اپ گریڈ ایف 16 طیاروں کی سروس لائف 2040 تک بڑھانا ہے جبکہ امریکا اور شراکت دار افواج کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھی جائے گی۔اہم دفاعی آلات کی مالیت 3.7 کروڑ ڈالر ہے جبکہ باقی 64.9 کروڑ ڈالر دیکھ بھال، مرمت اور اپ گریڈیشن پر مشتمل ہیں۔پیکج میں 92 لنک 16 ٹیکٹیکل ڈیٹا لنک سسٹمز اور انضمام و جانچ کے لیے چھ غیر فعال ایم کے 82 پانچ سو پاؤنڈ بم باڈیز شامل ہیں۔دیگر حصوں میں ایویونکس اپ گریڈز، محفوظ مواصلاتی اور نیویگیشن آلات، کرپٹوگرافک ڈیوائسز، مشن پلاننگ ٹولز، نیز سافٹ ویئر اور ہارڈویئر میں تبدیلیاں شامل ہیں۔تربیتی نظام، اسلحہ کی جانچ اور ری پروگرامنگ کا سامان اور متعلقہ اسپیئر پارٹس بھی پیکج کا حصہ ہیں۔حساس اجزا میں موڈ 5 شناختی نظام، ہینڈ ہیلڈ کی لوڈرز، اور اسلحہ کے بلٹ ان ٹیسٹ فنکشنز کے لیے ری پروگرامنگ آلات شامل ہیں، جن میں سے بعض کو خفیہ درجہ دیا گیا ہے۔پاکستان نے پہلی بار 22-2021 میں ایف 16 اپ گریڈز کی درخواست دی تھی۔ اگرچہ ڈی ایس سی اے نے مستقل طور پر اس تجویز کی حمایت کی، تاہم بائیڈن انتظامیہ نے اس وقت دستیاب نوٹیفکیشن طریقہ کار کے باوجود اس پر عمل نہیں کیا۔ دسمبر 2024 میں ایک نوٹیفکیشن جاری ہوا مگر مزید پیش رفت نہ ہوسکی۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات