National

خواتین کا عالمی دن: ’مودی حکومت میں لیبر فورس میں خواتین کا حصہ کم ہوا‘

122views

نئی دہلی: کانگریس نے جمعہ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے دور میں لیبر فورس میں خواتین کی حصہ داری مسلسل کم ہوئی ہے جس کی وجہ سے معیشت کمزور پڑ سکتی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نے منی پور میں خواتین کے خلاف جرائم کے گھناؤنے واقعات اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف الزامات پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

جے رام رمیش نے ایکس پر پوسٹ کیا، ’’آج خواتین کا عالمی دن ہے۔ ہم وزیر اعظم سے خواتین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے کے رسمی عمل کے علاوہ اور کچھ کرنے کی امید نہیں رکھتے۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’منی پور میں گزشتہ سال سے خانہ جنگی جیسی صورتحال ہے۔ وہاں خواتین سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔ خواتین کو شرمناک طریقے سے برہنہ کر کے پریڈ کروائی گئی اور ان کی قابل اعتراض ویڈیوز وائرل ہوئیں۔ منی پور ریاست کی بی جے پی حکومت اور مرکز کی دہری ناانصافی برداشت کرنے پر مجبور ہے۔‘‘ کانگریس لیڈر نے سوال کیا کہ وزیر اعظم مودی نے ابھی تک ریاست کا دورہ کیوں نہیں کیا؟

جے رام رمیش نے کہا، ’’خواتین پہلوانوں نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات لگائے ہیں لیکن وزیر اعظم بالکل خاموش ہیں۔ اس معاملے پر وزیر اعظم کا کیا موقف ہے؟ کیا وزیر اعظم برج بھوشن شرن سنگھ کو ‘مودی پریوار’ کا حصہ مانتے ہیں؟‘‘

انہوں نے کہا، ’’مودی ہے تو مہنگائی ہے! مہنگائی، خاص طور پر کھانے پینے کی اشیاء کے معاملے میں، ملک بھر کی خواتین کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے۔‘‘ کانگریس جنرل سکریٹری نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعظم کے پاس ملک کے خاندانوں کو مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی سے بچانے کا کوئی منصوبہ ہے؟

انہوں نے کہا، ’’ناانصافی کے زمانے کی خصوصیات میں سے ایک شدید بے روزگاری کا بحران ہے۔ اس کا گہرا تشویشناک نتیجہ یہ ہے کہ ملازمت کے متلاشی خواتین حوصلہ شکنی کا شکار ہو کر افرادی قوت سے مکمل طور پر باہر ہو گئی ہیں۔ لیبر فورس اب یہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور کے مقابلے میں 20 فیصد کم ہے۔ یہ ایک ایسا رجحان ہے جو معیشت کی طویل مدتی صلاحیت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔‘‘ جے رام رمیش نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعظم کے پاس خواتین کو اقتصادی دھارے میں واپس لانے کا کوئی حل ہے؟

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے 2014 میں اقتدار میں آنے کے فوراً بعد بڑی دھوم دھام سے ‘بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ’ اسکیم شروع کی تھی لیکن یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس اسکیم کے بجٹ کا تقریباً 80 فیصد صرف اشتہارات کے لیے رکھا گیا ہے۔‘‘ جے رام رمیش نے کہا، ’’کیا وزیر اعظم کے پاس لڑکیوں کے قتل کو روکنے اور خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے کوئی معنی خیز وژن ہے؟ یا یہ مسئلہ ان کے لیے صرف اشتہارات میں اپنا چہرہ چمکانے اور خود ‘برانڈ’ کرنے کے لیے ہے؟‘‘

Follow us on Google News