گنگا ساگر میلے کی مکمل تیاریاں اور حفاظتی انتظامات پر خصوصی توجہ
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ،: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے گنگا ساگر میلے کی تیاریاں یقینی بنانے کے لیے نابنا میٹنگ ہال میں اعلیٰ سطحی میٹنگ بلائی۔ اس میٹنگ میں ریاست کے چیف سکریٹری منوج پنت، ہوم سکریٹری نندنی چکرورتی، ڈی جی راجیو کمار، مختلف محکموں کے وزراء اور متعلقہ پرنسپل سکریٹریز شریک ہوئے۔میٹنگ میں رام کرشن مشن، بھارت سیواشرم سمیت کئی مذہبی تنظیموں کے مہاراجے بھی موجود تھے۔ خاص طور پر صحت عامہ، سندربن ڈیولپمنٹ، پبلک ورکس، ٹرانسپورٹ، بجلی، خوراک، آگ، ماحولیات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی اور اپنے متعلقہ شعبوں کی تیاریوں کی صورتحال پیش کی۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ہر سال گنگا ساگر میلے سے قبل یہ اعلیٰ سطحی میٹنگ کرتی ہیں اور گراونڈ کا دورہ کر کے صورتحال کا براہِ راست معائنہ بھی کرتی ہیں تاکہ زائرین کے لیے حفاظتی انتظامات مکمل اور موثر ہوں۔ اس میلے میں 14 جنوری کو مقدس غسل کا انعقاد ہوگا، جس کی تیاریوں میں کوئی خلل نہ پڑے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ خود نگرانی کریں گی۔میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے زائرین کی خدمات کو بہتر بنانے کے بارے میں خصوصی تجاویز دی ہیں۔ اس کے علاوہ امکان ہے کہ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کچھ نئی خدمات کے آغاز کا اعلان بھی کیا جائے گا، جس کا مقصد گنگا ساگر میلے میں عوام اور زائرین کے لیے سہولت اور حفاظت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔مقامی انتظامیہ اور حکام کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی کی قیادت میں یہ میٹنگ میلے کے دوران کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور زائرین کے لیے بہترین تجربہ فراہم کرنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔



