International

35 اسرائیلی فوجی ہلاک کر چکے: حزب اللہ

14views

گروپ کے سینکڑوں کارکن مار ڈالے: صہیونی فوج

بیروت 10 اکتو بر (ایجنسی)لبنانی حزب اللہ نے منگل کے روز تصدیق کی ہے کہ اس کے جنگجو اسرائیلی فوج کے ایلیٹ یونٹوں کی جانب سے جنوبی لبنان کے سرحدی علاقوں میں پیش قدمی کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔ ٹیلی گرام چینل پر شائع ہونے والے حزب اللہ کے بیان کے مطابق حالیہ جھڑپوں کے دوران کم از کم 35 اسرائیلی فوجی اور افسران ہلاک اور تقریباً 200 زخمی ہوگئے ہیں۔روسی خبر ایجنسی “TASS” کے مطابق حزب اللہ کے بیان کے مطابق “دشمن” ابھی تک لبنانی سرزمین پر قدم جمانے اور کچھ جنوبی دیہاتوں پر قبضہ کرنے میں ناکام ہے۔ اس سے قبل منگل کو ہی اسرائیلی نشریاتی ادارے نے ویڈیو فوٹیج شائع کی تھی جس میں جنوبی لبنان کے قصبے مارون الراس میں ایک خستہ حال مقام پر اسرائیلی فوجیوں کو اسرائیلی پرچم لہراتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ وہ زیر زمین سرنگوں کو ختم کرنے اور حزب اللہ کے مقامات کو تباہ کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ صہیونی فوج نے مزید کہا ہم نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے سینکڑوں ارکان کو ختم کر دیا ہے۔
لبنان میں 5 ہسپتالوں میں سروسز بند
العربیہ اور الحدث کے نامہ نگاروں نے منگل کو بتایا کہ بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں دو حملے کیے گئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ لبنان کے 5 ہسپتالوں نے سروسز فراہم کرنا بند کردیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ فضائیہ نے 8 اکتوبر کی رات بیروت میں حزب اللہ کے متعدد مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں کا ہدف ہتھیاروں کا ڈپو تھا۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ 146ویں ڈویژن کی افواج نے پیر کو جنوبی لبنان کے مغربی سیکٹر میں حزب اللہ کے اہداف اور انفراسٹرکچر کے خلاف محدود کارروائیوں کو انجام دینے کا آغاز کیا۔ اسرائیلی فوج نے شمال کے چار علاقوں کو فوجی زون قرار دے دیا اور ان علاقوں میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.