رانچی: زمین گھوٹالے میں جیل میں قید جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی طرف سے دائر ضمانت کی عرضی پر جواب دینے کے لیے ای ڈی نے ایک بار پھر عدالت سے اپنا موقف پیش کرنے اور وقت مانگا ہے۔ جیسے ہی سورین کی درخواست پر منگل کو پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت میں سماعت شروع ہوئی، ای ڈی نے جواب دینے کے لیے دو ہفتے کا وقت مانگا۔
سپریم کورٹ کے سینئر وکیل کپل سبل نے ہیمنت سورین کی جانب سے اس کی مخالفت کی۔ عدالت نے ای ڈی کو ایک ہفتے کا وقت دیا ہے اور اسے 30 اپریل تک جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ کیس کی اگلی سماعت یکم مئی کو ہوگی۔ خیال رہے کہ 31 جنوری کو ای ڈی نے ہیمنت سورین کو رانچی کے بڑگائیں علاقے میں 8.66 ایکڑ زمین پر غیر قانونی قبضے اور منی لانڈرنگ کے معاملے میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔
ہیمنت سورین کے علاوہ ای ڈی نے 30 مارچ کو زمین کے اصل مالک راج کمار پاہن، ہیمنت سورین کے قریبی ساتھی ونود کمار، ریونیو سب انسپکٹر بھانو پرتاپ پرساد اور ہلیریس کچھپ کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ بھی داخل کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہیمنت سورین نے نہ صرف یہ کہ غیر قانونی طور پر زمین حاصل کی بلکہ تحقیقات شروع ہونے پر شواہد کو ختم کرنے کی بھی کوشش کی۔
ہیمنت سورین نے اپنی گرفتاری کے ڈھائی ماہ بعد پہلی بار ضمانت کی درخواست دائر کی ہے، جس پر پہلے 16 اپریل کو بھی سماعت ہوئی تھی۔