اتر پردیش میں لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ اسی درمیان کانگریس اور سماج وادی پارٹی نے رائے بریلی اور امیٹھی لوک سبھا حلقوں میں کئی بوتھوں کے بارے میں شکایتیں کی ہیں۔ ایس پی نے امیٹھی اور رائے بریلی میں ایک ساتھ تقریباً 7-8 شکایتیں درج کرائی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے کہا ہے کہ کیا تمام خراب ای وی ایم رائے بریلی بھیج دی گئی ہیں؟ یوپی کانگریس کے انچارج اویناش پانڈے نے سوشل میڈیا پیلٹ فارم ’اکیس‘ پر لکھا ہے کہ ’کیا تمام خراب ای وی ایم رائے بریلی بھیج دیئے ہیں؟
سماجوادی پارٹی نے بھی ’ایکس‘ پر ای وی ایم کی خرابی سے متعلق لکھا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے اکاؤنٹ پر (خبر لکھے جانے تک) 73 سے زائد شکایتیں کی گئی ہیں۔ ان شکایتوں میں زیادہ تر شکایتیں ای وی ایم کی خرابیوں سے متعلق ہیں جبکہ کچھ شکایتیں دھمکی دے کر ووٹنگ کرانے نیز ووٹنگ کرنے والوں کو ہراساں کرنے سے متعلق بھی ہیں۔ سماجوادی پارٹی نے اپنی پوسٹ میں اترپردیش کی ان تمام حلقوں میں ای وی ایم کی خرابیوں سے متعلق الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔ رائے بریلی و امیٹھی سے متعلق بھی ایس پی نے شکایت کی ہے۔ ایک پوسٹ میں اس نے لکھا ہےکہ رائے بریلی لوک سبھا کے ہرچندن پور کے بوتھ نمبر 19 پر ای وی ایم میں خرابی ہے۔ ایس پی نے الزام لگایا کہ رائے بریلی لوک سبھا کے بچھراوا میں بوتھ نمبر 332 پر بی جے پی امیدوار کے بھائی کی طرف سے ووٹروں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
امیٹھی کے تناظر میں سماجوادی پارٹی نے دعویٰ کیا کہ امیٹھی لوک سبھا کے سلون میں بوتھ نمبر 27،28 پر پریذائیڈنگ آفیسر کے ذریعے بار بار ای وی ایم کو بند کرنے کی اطلاع ہے، اس کے ذریعے ووٹنگ کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ایس پی نے کہا ہے کہ رائے بریلی لوک سبھا کے اونچہار اسمبلی کے بوتھ نمبر 47 پر ای وی ایم میں خرابی کی اطلاع ہے۔ ایس پی نے دعویٰ کیا کہ رائے بریلی لوک سبھا کے ہرچند پور اسمبلی کے بوتھ نمبر 53، 54 پر بی جے پی کے لوگ اپنے بینر، پوسٹر اور جھنڈوں کے ساتھ پولنگ بوتھ کے باہر کھڑے ہیں، انتظامیہ کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ ایس پی نے یہ بھی لکھا ہے کہ رائے بریلی لوک سبھا حلقہ کے بوتھ نمبر 312 پر بی جے پی امیدوار کے بھائی نے کانگریس پارٹی کے ایجنٹ سے ووٹر لسٹ اور بیگ چھین لیا۔