
نئی دہلی: نئے سال کے آغاز سے پہاڑوں سے لے کر میدانی علاقوں تک سردی کی تباہ کاریاں نظر آنے لگی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بھی دہلی، پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں کڑاکے کی سردی اور شدید دھند کا الرٹ جاری کیا ہے۔ دریں اثناء کئی ریاستوں میں اسکولوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ کئی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہے اور متعدد پروازوں کے رخ تبدیل کئے گئے ہیں۔
گریٹر نوئیڈا کے ضلع مجسٹریٹ منیش ورما نے شدید سردی اور دھند کی وجہ سے مفاد عامہ میں دی گئی ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے گوتم بدھ نگر میں چلنے والے تمام بورڈوں سے منسلک اسکولوں (کلاس نرسری سے 8 تک) میں 6 جنوری تک تعطیلات کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس کے علاوہ دہلی، راجستھان، جموں و کشمیر میں بھی اسی طرح کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
نئے سال کے آغاز سے ہی دارالحکومت دہلی میں اسکولوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے اور 6 جنوری تک اس پر عمل کرنے کو کہا گیا تھا۔ اس بار دہلی میں موسم سرما کی تعطیلات 6 دن کی ہیں کیونکہ نومبر کے مہینے میں آلودگی کی وجہ سے اسکول بند کر دئے گئے تھے۔
شمالی ہندوستان میں سردی کے پیش نظر یوپی حکومت نے 31 دسمبر سے 14 جنوری 2024 تک اسکول بند رکھنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس کے علاوہ راجستھان کے کئی علاقوں میں شدید سردی کی وجہ سے 25 دسمبر سے اسکولوں کی چھٹیوں کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ راجستھان میں 6 جنوری کو اسکول کھلیں گے۔ جبکہ ہریانہ میں 15 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔
اس کے علاوہ پہاڑی ریاست جموں و کشمیر میں سردی اور برف باری کی وجہ سے لوگوں کا برا حال ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں نے تمام اسکولوں کو 29 فروری تک بند رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
شدید سردی اور دھند کا اثر ٹرینوں پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ سے منگل کو دہلی میں 26 ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ قومی دارالحکومت میں تاخیر سے پہنچنے والی ٹرینوں میں بھوپال-نظام الدین، بنگلورو-نظام الدین، بھونیشور-نئی دہلی راجدھانی، رانی کملاپتی بھوپال-نئی دہلی، ہاوڑہ-نئی دہلی دورنتو، چنئی-نئی دہلی، پوری-نئی دہلی پورشوتم ایکسپریس، کانپور-نئی دہلی شرم شکتی، ہاوڑہ-نئی دہلی پوروا ایکسپریس، سہرسہ-نئی دہلی ویشالی ایکسپریس، ریوا-آنند وہار ایکسپریس ٹرینیں شامل تھیں۔
شدید دھند اور خراب موسم کا اثر پروازوں پر بھی دیکھا گیا۔ جس کی وجہ سے ملک میں کئی مقامات پر پروازیں یا تو منسوخ کر دی گئیں یا ان کا رخ موڑ دیا گیا۔ حیدرآباد کے جی ایم آر ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے کہا، ’’منفی موسم اور خراب حد نگاہ کے نتیجے میں، آٹھ پروازوں کا رخ موڑنا پڑا اور منگل کو 12 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ گزشتہ ہفتے سے خراب موسم کی وجہ سے آپریشن متاثر ہوا ہے۔
