National

بی جے پی سے الیکشن لڑنے والے اجول نکم کو میرے کیس سے ہٹایا جائے، گینگسٹر وجے پلانڈے کی عدالت میں درخواست

134views

بی جے پی امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے والے ایڈووکیٹ اجول نکم کو پبلک پراسیکیوٹر(سرکاری وکیل) بنائے جانے کی مخالفت کی آواز اب عدالتوں تک بھی پہنچنے لگی ہے۔ مہاراشٹر میں قتل کے کئی معاملات کے ملزم گینگسٹر وجے پلانڈے نے اپنے کیس میں ایڈوکیٹ اجول نکم کی بطور اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر تقرری کی مخالفت کی ہے۔ پلانڈے نے اس ضمن میں پیر (24 جون) کو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ بی جے پی سے الیکشن لڑنے والے اجول نکم کو میرے کیس سے ہٹایا جائے۔ وجے پلانڈے کا کہنا ہے کہ اجول نکم کی یہ تقرری بدنیتی اورغلط ارادوں سے کی گئی ہے۔

پلانڈے نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ اجول نکم کی شناخت، خیالات، ایجنڈا، ارادہ، مقصد سب کچھ عوام کی نظروں میں پوری طرح سے تبدیل ہو گیا ہے۔ اب وہ بی جے پی کے بڑے لیڈر ہیں۔ پلانڈے نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ وہ (اجول نکم) اب سیاسی پارٹی کے ایجنڈے کے لیے کام کریں گے۔ وہ عوام میں بی جے پی کی شبیہ بنانے کے لیے ہائی پروفائل کیسوں میں جھوٹی سزا دلانے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں جو ملزمین کے بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔

اجول نکم نے حال ہی میں ممبئی شمال وسط سیٹ سے بی جے پی امیدوار کے طور پر لوک سبھا کا الیکشن لڑا تھا۔ وہ کانگریس کی ورشا گائیکواڑ سے 16,000 سے زیادہ ووٹوں سے ہار گئے۔ بی جے پی نے اس سیٹ سے اپنی موجودہ ایم پی پونم مہاجن کا ٹکٹ رد کرتے ہوئے اجول نکم کو ٹکٹ دیا تھا۔ اجول نکم نے ممبئی دہشت گردانہ حملوں جیسے کئی ہائی پروفائل کیسوں میں سرکاری وکیل کے طور پر عدالت میں حکومت کی نمائندگی کی ہے۔ الیکشن ہارنے کے بعد اجول نکم ایک بار پھر پلانڈے کے خلاف مقدمہ میں خصوصی سرکاری وکیل کے طور پرعدالت میں پیش ہوئے۔ پلانڈے نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

پلانڈے نے عدالت سے اجول نکم کو انصاف اور بنیادی حقوق کے حوالے سے اپنے مقدمے سے دور رکھنے کی گہار لگائی ہے۔ پلانڈے نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ وہ اجول نکم کی تقرری کو منسوخ کرنے کے لیے متعلقہ اتھارٹی کو ہدایت دے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 28 جون کو ہوگی۔ پلانڈے دہلی کے تاجر ارون ٹکو اور فلم پروڈیوسر کرن کمار ککڑ کے قتل کے الزام میں گرفتاری کے بعد اپریل 2012 سے عدالتی حراست میں ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.