
200 سے زائد بے ہوش
چنئی، 7 اکتوبر:۔ (ایجنسی) تمل ناڈو کے دارالحکومت چنئی کے مرینا بیچ پر انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) کے ایئر شو کے دوران ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ ایئر شو دیکھنے کے لیے آئے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد میں دم گھٹنے اور دل کا دورہ پڑنے سے چار افراد کی موت ہو گئی۔ پانی اور طبی امداد جیسی بنیادی سہولتوں کے فقدان کے باعث متعدد افراد شدید گرمی سے جوجھ رہے تھے، جس کے باعث 200 سے زائد افراد پانی کی کمی سے بے ہوش ہوگئے۔ غور طلب ہے کہ دوپہر ایک بجے میگا ایئر شو ختم ہونے کے بعد واپس گھر جاتے ہوئے لوگوں کو شدید دم گھٹنے کا سامنا کرنا پڑا۔ دم گھٹنے کی شکایت کے بعد لاکھوں لوگ بس اسٹاپوں اور ریلوے اسٹیشنوں کی طرف بھاگنے لگے جس سے کئی مقامات پر بھگدڑ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ حکام نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت جان (56)، کارتیکیان، سری نواسن اور دنیش کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ دم گھٹنے کی شکایت کے بعد سبھی کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ لوگوں نے ایئر شو کے دوران بھگدڑ اور افراتفری کے لیے ناقص منصوبہ بندی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
انہوں نے کہا کہ ایئر شو میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو شامل کرنے کے لیے مزید انتظامات کیے جانے چاہیے تھے۔
